سٹی42: سندھ کے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے وفاقی حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ وہ پیپلزپارٹی کا انتخابی منشور دیکھ لے، اس میں بجلی کے موجودہ مسائل کا حل موجود ہے۔
کراچی میں بدھ کے روز وزیر اعلیٰ ہاوس میں سندھ کے 2 لاکھ خاندانوں کو سولر سسٹم دینے کی افتتاحی تقریب میں چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے سولر پینل ایک پنکھا اور تین بلب مستحق خاندنوان میں تقسیم کیے۔
اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی اور لاڑکانہ میں آج 2 لاکھ گھروں کو سولرسسٹم فراہم کر رہے ہیں، یہ سولرسسٹم غریب گھرانوں کو دیے جا رہے ہیں ،اس سولرسسٹم میں 80 تا 100 واٹ کی سولر پلیٹیں شامل ہیں۔اس سولر سسٹم میں 18 اے ایچ کی لیتھیم بیٹری، ایک پنکھا،3 بلب اور موبائل چارجر دیں گے۔ سولر سسٹم کی قیمت 50 ہزار کے قریب ہے۔ سندھ حکومت یہ سسٹم مستحق خاندانوں کو 80 فیصد رعایت کے ساتھ 6 ہزار روپے میں دے رہی ہے۔
وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ تھر کے کوئلے سے بجلی کی پیداوار کی لاگت چار روپے فی یونٹ آ رہی ہے لیکن ہم بجلی کے کارخانوں کو 30 روپے فی یونٹ ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی ستر فیصد گیس سندھ سے نکلتی ہے۔ بجلی کے بلوں سے ہم سب پریشان ہیں۔ دوسرے لوگ منصوبہ بنا رہے ہوتے ہیں ہم آگے بڑھ کر کام کرتے ہیں۔ ہماری پالیسی بنی ہوئی ہے۔ وفاق صرف ہمارا منشور پڑھ لے، وفاقی حکومت سے کئی بار کہہ چکے ہیں کہ کچھ کرے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اگر وفاقی حکومت صحیح چیزوں پر کام کرے تو سستی بجلی بنے گی۔