سٹی42: پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے دو لاکھ گھرانوں کو مفت سولر سسٹم، پنکھے اور بلب تقسیم کرنے کے پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایف بی آر اور دوسرے وفاقی ادارے اپنا کام صحیح نہیں کرتے اور پھر بجلی کے بلوں کے ذریعے عوام سے ٹیکس جمع کرتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ ہاؤس کراچی میں سندھ کے دو لاکھ خاندانوں کو سولر سسٹم دینے کی افتتاحی تقریب میں پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو نے سولر پینل، ایک پنکھا اور تین بلب مستحق خاندنوان میں تقسیم کیے۔
چیئرمین بلاول بھٹو نےکہا کہ عوام کو 2 مہینے کے ریلیف کے چکر میں 12 مہینے تکلیف ملتی ہے تو سولر نظام بہتر ہے۔ ہم بجلی کے مسئلے کا مستقل حل چاہتے ہیں۔ پیپلز پارٹی اپنے منشور کے مطابق سندھ کے عوام کو سستی بجلی کی فراہمی کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ مڈل کلاس اور نوکری پیشہ افراد کی مشکلات کا بھی اندازہ ہے، اگلے مرحلے میں انھیں بھی سبسڈی دیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران دور حکومت میں ہم نے لانگ مارچ کیا تو حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 20 روپےکی کمی کرکے معیشت کو نقصان پہنچایا ۔ آج کی مہنگائی عمران خان کے ایک غلط فیصلے سے جڑی ہوئی ہے۔ اب نہ کوئی لانگ مارچ نظر آرہا ہے اور نہ عدم اعتماد ہے۔ اگر ہم مل کر کام کریں تو پاکستان کو مہنگائی سے بچاسکتے ہیں۔
بلاول بھتو نے کہا کہ وفاق کا بجلی کا نظام تباہ ہے۔ ایف بی آر اور وفاق کے ادارے اپنا کام صحیح سے نہیں کرتے اور پھر بجلی کے بلوں کے ذریعے ٹیکس جمع کرتے ہیں جس سے بجلی کے بل سے عوام کو کرنٹ لگ جاتا ہے۔ ہم اپنے عوام کو سستی بجلی دیں گے۔ صوبے میں تین سولر انرجی پارک بنانے کا منصوبہ شروع کر رہے ہیں۔ سستی بجلی کے منصوبے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ پر مکمل کیے جائیں گے۔