دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملائیں گے، وزیراعظم

29 Aug, 2024 | 06:32 PM

ویب ڈیسک : وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ  دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملائیں گے، دہشت گردوں کا خاتمہ ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے۔

وزیراعظم نے نیشنل ایکشن پلان کی صوبائی ایپکس کمیٹی اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے ساتھ کسی رعایت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، ملک بھر سے ان کا صفایا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جو آئین اور پاکستان کے جھنڈے کومانتے ہیں ان سے مذاکرات وقت کی ضرورت ہے لیکن جو پاکستان کو نہیں مانتے ان کا خاتمہ ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان میں قیام امن کے لیے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا، بدقسمتی سے ایک تاثر ہے کہ سول افسران بلوچستان آنے سے کتراتے ہیں، دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملائیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ 48ویں کامن کے افسران کو بلوچستان میں تعینات کیا جائے گا، کامن ٹریننگ کے افسران کو فوری طور پر ایک سال کے لیے تعینات کیا جائے گا، آدھے افسران کو فی الفور تعینات کیا جائے گا، ڈیڑھ سال بعد باقی افسران کی تعیناتی کی جائے گی۔ بلوچستان میں خدمات انجام دینے والےافسران کو اضافی نمبرز دیں گے، انہیں مراعات اور ہر تین ماہ بعد اہلخانہ سمیت ایئر ٹکٹ دیے جائیں گے۔ بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں سے متعلق مسائل نہیں ہیں، ہم نے ایک پالیسی بنائی ہے جس پر وفاق اور صوبوں کوعمل کرنا ہوگا، دشمنان پاکستان نہیں چاہتے کہ سی پیک منصوبہ مکمل ہو، یہ قوتیں پاکستان اور چین کے درمیان اچھے تعلقات نہیں چاہتیں، گوادر میں جس طرح حملے ہورہے ہیں یہ واضح ثبوت ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں دوست نما دشمن جو بیٹھے ہیں ان کا خاتمہ کیا جائے گا اور جو جو دشمن باہر بیٹھے ہیں ان کے منصوبوں کو خاک میں ملائیں گے۔

مزیدخبریں