ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

صدر مملکت نے قومی ہیرو ارشد ندیم کو ہلال امتیاز سے نواز دیا

صدر مملکت نے قومی ہیرو ارشد ندیم کو ہلال امتیاز سے نواز دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک : صدر مملکت آصف زرداری نے پیرس اولمپکس میں قوم کا سر فخر سے بلند کرنیوالے اولمپین گولڈمیڈلسٹ ارشد ندیم کو ہلال امتیاز عطا کردیا ۔

 ایوان صدر میں  ارشد ندیم کو ہلال امتیاز دینے کی تقریب کاانعقاد کیا گیا ، صدر مملکت نے شعبہ جیولین تھرو کے مقابلوں میں گراں قدر کامیابیوں کے اعتراف میں ارشد ندیم کو ہلال امتیاز سے نوازا ۔ صدر مملکت نے ارشد ندیم کیلئے اپنی جانب سے 10 کروڑ انعام کا بھی اعلان کیا . 

بعد ازاں  صدر مملکت آصف علی زرداری سے ارشد ندیم نے ملاقات بھی کی , صدر مملکت نے ارشد ندیم کی شاندار کامیابی، مسلسل محنت اور لگن کو سراہا, کہا کہ ارشد ندیم نے اولمپک ریکارڈ بنا کر ملک کا سر فخر سے بلند کیا،   ارشد ندیم نے ملک کے لاتعداد نوجوان کھلاڑیوں کو بھی متاثر کیا ۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان کو دیگر کھیلوں خصوصاً سنگلز کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، کھلاڑیوں کے بچوں کو اسکالر شپ دی جانی چاہیے، کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کیلئے سندھ حکومت کو پاکستان اسپورٹس بورڈ کے انڈومنٹ فنڈ میں 250 ملین روپے کا حصہ ڈالنے کا کہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم نے نوجوانوں کو رکاوٹیں عبور کرنے ، عالمی سطح پر کھیلوں کے میدان میں شناخت بنانے کا حوصلہ دیا، امید ہے کہ ارشد ندیم مستقبل میں بھی ملک کا نام روشن کرتے رہیں گے ۔ 

ارشد ندیم نے ہلالِ امتیاز ایوارڈ دینے پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا، ساتھ ہی جیولین تھرو ایونٹ کا عالمی ریکارڈ توڑنے کے عزم کا اظہار کیا ۔ صدر مملکت نے ارشد کی کامیابی میں رہنمائی پر کوچ سلمان اقبال بٹ کی خدمات کو بھی سراہا۔ 

ارشد ندیم صدر مملکت کی مہمان نوازی پر پر بے حد جوش ہوئے، انہوں نے  صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہلال امتیاز ملنے پر آج بہت خوشی ہے ، میڈل جیتنے سے زیادہ آج خوش ہوں ۔ ارشد ندیم نے انعامی رقم کے سوال پر جواب دیا کہ جنہوں نے مجھے انعام دینے کا اعلان کیا تھا سب نے  ہی دیے ہیں، پورے پاکستان نے مبارکباد دی، سب کی مبارک باد پر خوشی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک مجھے ملنے والی انعامی رقم پر ٹیکس نہیں لگا ۔ انڈیا کے نیرج چوپڑا کیلئے یہی کہوں کہ وہ محنت جاری رکھے۔ 

 واضح رہے کہ ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس کے جیولن تھرو گیم میں نیزہ 92.97 میٹر تک پھینک کر عالمی ریکارڈ بنایا تھا ، ارشد ندیم نے پاکستان کی 77سالہ تاریخ میں انفرادی حیثیت میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈل حاصل کرنیوالے پہلے ایتھلیٹ  ہونے کا اعزازبھی اپنے نام کیا۔

 یہی نہیں ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس میں 118 سالہ پرانا ریکارڈ توڑتے ہوئے نئی تاریخ بھی رقم کی ۔ 

 خیال رہے کہ گولڈ میڈل جیتنے پر ارشد ندیم کو حکومت پاکستان کی جانب سے ہلالِ امتیاز دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔