ویب ڈیسک : کمشنر کراچی نے سمندری طوفان کے خدشے کے پیش نظر عوام کے ساحل سمندر پر جانے پر تین دن کے لیے پابندی عائد کر دی ۔
ممکنہ طوفان کے پیش نظر شدید بارشوں اور محکمہ موسمیات کی ایڈوائزری کے بعد کمشنر کراچی نے کراچی کی حدود میں سمندر اور ساحلی پٹی پر دفعہ 144 کے نافذ کا حکم دے دیا، جس کے بعد ساحل یا ساحلی پٹی پر تین دن تک جانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے ، کمشنر کراچی نے ڈپٹی کمشنر جنوبی اور ڈپٹی کمشنر کیماڑی کی سفارش پر پابندی عائد کی۔
کمشنر کراچی کا کہنا ہے کہ آج سے اکتیس اگست تک ساحل یا ساحلی پٹی پر جانے ، تیراکی ، غوطہ خوری اور سیر کرنے پر مکمل پابندی ہوگی۔ متعلقہ حکام کو احکامات کی خلاف ورزی کرنے پر کارروائی کرنے کی ہدایات بھی جاری کردی گئی ہے۔
واضح رہے سندھ کی ساحلی پٹی کےقریب طوفان کے خطرے کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کردیا ہے۔ محکمہ موسمیات کاکہنا ہےبحیرہ عرب میں رن آف کچھ کے علاقےکے اوپر ہواؤں کا شدیددباؤ ہے، ہواؤں کا یہ سلسلہ سندھ کی ساحلی پٹی کی جانب آج رات یا کل پہنچ سکتا ہے، جس سے طوفان کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب کراچی تھر پارکر ،بدین ،ٹھٹھہ ،سجاول،،حیدر آباد ،ٹنڈو محمد خان ،ٹنڈو الہ یارمیں شدید بارشوں کا امکان ہے جبکہ مٹیاری میر پور خاص ،عمر کوٹ ،میں بھی شدید بارشیں متوقع ہیں تاہم سائیکلون وارننگ سسٹم صورتحال کو مانیٹر کر رہا ہے۔