وزیراعلیٰ مریم نواز نے ”بیک ٹو سکول“ کمپین لانچ کردی

29 Aug, 2024 | 04:47 PM

راؤ دلشاد : وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ”بیک ٹو سکول“ کمپین لانچ کردی ۔ 

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف گورنمنٹ کنیئرڈ گرلز ہائی سکول ایمپرس روڈ پہنچ گئیں، مریم نواز نے کمسن بچی کی انرولمنٹ رجسٹریشن کمپین کا باقاعدہ آغاز کیا،انہوں نے  سمارٹ کلاس روم پراجیکٹ کا افتتاح بھی کیا ۔ 

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے طالبات سے پودے لگواکر شجرکاری کا آغاز کیا ۔ دورے کے دوران مریم نواز نے کمسن بچی کو گود میں اٹھا کر پیار کیا، انہوں نے ننھی طالبات کو سکول بیگ کا گفٹ بھی پیش کیا۔ مریم نواز نے ننھی بچی کو خود سکول بیگ پہنایا ، سکول بیگ کے ساتھ یونیسف کی طرف سے ایرلی چائلڈ ہولڈ کٹ پیش کی گئیں ۔ یہ بھی یاد رہے کہ یونیسف محکمہ سکول ایجوکیشن کے اشتراک سے ایک ہزار سکول بیگ دے رہا ہے ۔ 

وزیر اعلی مریم نواز کو دیکھ کر طالبات کا جوش و خروش بڑھ گیا، بچیوں سے ملنے مریم نواز خود کلاس روم میں پہنچ گئیں ، انہوں نے کلاس روم میں جاکر طالبات سے بات چیت کی اور ان کا حوصلہ بڑھایا ۔ 

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے فزکس لیب کا بھی دورہ کیا، جہاں وہ بچیوں کے ساتھ فزکس لیب میں بیٹھ گئیں۔ مریم نواز نے بچیوں کی خواہش پر ان کے ساتھ گروپ فوٹو بنوایا۔ طالبات کا کہنا تھا کہ ہمارا سکول تو بہت اچھا ہوگیا ہے،سکول میں آنے پر خوشگوار حیرت ہوئی ۔ 

 مریم نواز نے بچیوں سے بات چیت  کرتے ہوئے کہا کہ پڑھیں لکھیں اور ملک و قوم کا نام روشن کریں۔ انہوں نے طالبات سے پسندید ہ مضمون کے بارے میں بھی دریافت کیا ۔ 

مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب کے ہر سکول کو بہترین بنانا چاہتی ہوں اور بنا کر دم لوں گی۔  پنجاب کے ہر سرکاری سکول کو پرائیویٹ سے بھی بہترین بنانا چاہتے ہیں۔ 

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے سمارٹ کلاس روم کو سراہا، انہوں نے  سمارٹ کلاس روم کے ڈیجیٹل بورڈ پر بچیوں کے لئے آئی لو یو آل کا میسج لکھا اور کامیابی کی دعا کی۔ 

 وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ”بیک ٹو سکول“ کمپین لانچ کردی ، صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کو”بیک ٹو سکول“ اور سٹوڈنٹس رجسٹریشن کمپین کے بارے میں بریفنگ دی ۔ وزیر تعلیم رانا سکندرحیات نے سمارٹ کلاس روم پراجیکٹ کے بارے میں بھی آگاہ کیا ، بتایا کہ ہواوے کی معاونت سے تیار کردہ سمارٹ کلاس روم میں نصب کیمروں سے لیکچر ریکارڈنگ بھی ہوسکے گی۔ طالبات ریکارڈ شدہ لیکچر سے بھی ہیلپ لے سکیں گی۔  

پارلیمانی سیکرٹری برائے سکول ایجوکیشن نوشین عدنان، ایم پی اے ثانیہ عاشق، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، پرنسپل سیکرٹری ساجد ظفر ڈال، سیکرٹری سکول ایجوکیشن خالد نذیر وٹو، پروگرام ڈائریکٹرپی ایم آئی یو فاروق رشید،ایڈیشنل سیکرٹری شکیل احمد بھٹی اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ 

مزیدخبریں