ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے سابق ایم این اے فہیم خان کو سعودی عرب میں سیاسی ویڈیو بنانے پر گرفتار کرلیا گیا.
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رکن قومی اسمبلی فہیم خان کو سعودی عرب میں گرفتار کیا گیا، جس کی تصدیق پی ٹی آئی کے وکیل نعیم پنجوتھہ نے بھی کر دی۔
فہیم خان نے 9مئی سے متعلق خانہ کعبہ کے سامنے کھڑے ہو کر سیاسی ویڈیو ریکارڈ کیا جو انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ’ایکس‘ پر جاری کیا۔ سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو میں فہیم خان کا کہنا تھا کہ خانہ کعبہ میں موجود ہوں اور مجبوراً یہ بات کرنے جا رہا ہوں، چونکہ پاکستان میں عمران خان کے خلاف جھوٹا پراپیگنڈہ کیا جا رہا ہے، عمران خان نے کبھی بھی ہمیں یہ نہیں کہا کہ کسی بھی تنصیبات پر حملہ کرو یا فوج کے خلاف بات کرو کیوں کہ وہ ہمیشہ کہتے ہیں کہ یہ ملک بھی میرا ہے اور فوج بھی میری ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ 9 مئی کا جھوٹا بیانیہ رچایا گیا عمران خان اس میں بالکل ملوث نہیں اور وہ لوگ یہاں آکر حلف لے کر یہ بات بولیں کہ یہ عمران خان نے کیا ہے جو انہیں 9 مئی کا ذمہ دار قرار دیتے ہیں، عمران خان جب کہتا ہے سی سی ٹی وی فوٹیج دکھائے اور میں بھی یہ کہتا ہوں کہ جس نے سی سی ٹی وی فوٹیج چرائی وہ اس میں ملوث ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جتنے سیاسی لوگوں اور اداروں کو میں جانتا ہوں، ان سب میں میرا لیڈر عمران خان سچا ہے اور وہ پاکستان کی بات کرتا ہے، ہم یہاں دعا بھی کریں گے، عمران خان جلد رہا ہوں گے اور ملک کے وزیراعظم بنیں گے، پاکستان ترقی کرے گا۔