سمندری طوفان کی آمد، پروازیں منسوخ، ٹرینیں بند، ہگامی حالت کا انتباہ، 8 لاکھ افراد کا انخلا

29 Aug, 2024 | 12:53 AM

سٹی42:  جنوبی جاپان کو تاریخ کے سب سے خطرناک سمندری طوفان کا سامنا ہے اس طاقتور ترین سمندری طوفان شانشان کی آمد سے پہلے ہنگامی حالت کا انتباہ جاری کر دیا گیا ہے، 8 لاکھ شہریوں کو گھر چھوڑ کر محفوظ علاقہ مین جانے کا حکم دیا گیا ہے، سینکڑوں پروازیں منسوخ اور ٹرین سروس تین دن کیلئے روک دی گئی ہے۔  

شان شان ٹائی فون کے زیر اثر جنوب مغربی ساحلی علاقوں میں شدید بارشیں شروع ہو چکی ہیں۔ طوفان 180 کلومیٹر فی گھنٹہ  کی رفتار  سے چل رہی ہواؤں کے ساتھ جاپان کے  جزیرے کیوشو کی طرف بڑھ رہا ہے۔ 

کیوشو  میں درجنوں مقامی اور سینکڑوں بین الاقوامی پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں جبکہ ٹرینیں بدھ سے جمعے تک روک دی گئی ہیں۔ 

سمندری طوفان سے متاثر ہونے والے علاقوں سے 8 لاکھ سے زائد افراد کے انخلا کے احکامات دے دیے گئے ہیں اور طوفان کی زد میں آنے والے علاقوں میں درجنوں فیکٹریاں بند کر دی گئی ہیں۔ 

محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان کے باعث سیلاب اور لینڈسلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔ 

آئندہ ایک دو روز میں کیوشو جزیرے سے ٹکرانے کے بعد  اس خطرناک طوفان کے ٹوکیو  اور جاپان کے  مشرقی اور وسطی علاقوں کی طرف جانے کا امکان ہے۔

مزیدخبریں