حسن علی : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) لاہور کے عہدیداران نے استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی لاہور کے کوآرڈینیٹرز نے صدر استحکام پاکستان پارٹی لاہور ڈاکٹر مراد راس کے ساتھ ملاقات کی۔ ملاقات میں پی ٹی آئی لاہور کے کوآرڈینیٹرز شعیب کریم، قاسم عزیز خان، خواجہ سہیل مقبول، سید رضوان شاہ نے آئی پی پی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔
پی ٹی آئی چھوڑ کر آنے والے رہنماؤں نے عبدالعلیم خان اور جہانگیر خان ترین کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہارکیا۔
ڈاکٹر مراد راس نے شمولیت اختیار کرنے والے رہنماؤں کو پارٹی میں خوش آمدید کہا۔ شعیب کریم نے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی ملک کی تعمیر، ترقی اور استحکام کے وژن پر گامزن ہے۔
قاسم عزیز خان نے کہا کہ 9 مئی کا واقعہ تاریخی سانحہ ہے۔ اس کے علاوہ سید رضوان شاہ نے کہا کہ 9 مئی کے واقعہ کی شدید مزمت کرتے ہیں۔خواجہ سہیل مقبول نے کہا کہ اپنے اداروں اور قوم کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ڈاکٹر مراد راس نے کہا کہ پارٹی میں شمولیتوں کا سلسلہ جاری ہے، آئندہ مزید خوشخبریاں ملیں گی، استحکام پاکستان پارٹی ملک کو بحرانوں سے نکالے گی۔
دوسری جانب بوگی روڈ ریلوے سٹیشن سے حاجی عرفان میو،جاوید چھونی نے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ آئی پی پی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ حاجی عرفان میو اور جاوید چھونی نے میاں خالد محمود اور ڈاکٹر مراد راس کے ساتھ ملاقات میں شمولیت کا اعلان کیا۔