مانیٹرنگ ڈیسک: امریکا کی یونیورسٹی آف نارتھ کیرولینا کے سائنس کیمپس میں فائرنگ سے پروفیسر ہلاک ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق پروفیسر کو اس وقت قتل کیا گیا جب وہ صبح کیمپس کی لیبارٹری کے نزدیک چہل قدمی کر رہے تھے۔ انھیں نہایت قریب سے گولیاں ماری گئیں,پولیس اور امدادی ٹیموں کے پہنچنے تک زیادہ خون بہہ جانے کے باعث پروفیسر کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی۔
پولیس نے اعلان کیا کہ کوئی شخص بھی کلیئرنس ملنے تک باہر نہ آئے، ایک مسلح شخص دہشت گردی کے ارادے سے اب بھی یونیورسٹی میں موجود ہے۔
سوشل میڈیا پر پولیس کی جانب سے مسلح شخص کی تصویر بھی شیئر کی گئی۔ یہ تصویر یونیورسٹی کے ایک طالب علم کی آئی ڈی کارڈ پر لگی تصویر سے کافی مشابہ ہے تاہم اس کی تصدیق نہیں کی گئی۔
بعد ازاں پولیس نے ملزم کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا اور تمام طلبا اور اسٹاف کو بحفاظت باہر نکالا۔یونیورسٹی کے چانسلر کیون گوسکیوِچز نے یونیورسٹی کو دو روز کے لیے بند کردیا۔
چانسلر نے اپنے بیان میں کہا کہ فیکلٹی نے ایک مخلص اور ذہین رکن کو دہشت گردی کے واقعے میں کھو دیا۔ یہ یونیورسٹی کا ایک بڑا نقصان ہے۔
خیال رہے کہ یونیورسٹی آف نارتھ کیرولینا میں طلبا کی تعداد 30 ہزار، اسٹاف ممبران 9 ہزار اور اساتذہ کی تعداد 4 ہزار 100 ہے۔ واقعے کے بعد سیکیورٹی کو مزید سخت کردیا گیا۔