ویب ڈیسک: وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے صوبے میں بڑی تباہی آئی ہے، ہمارے لوگوں کو دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے میں 25 سال لگ جائیں گے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ صوبے میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے دو سو ارب سے زائد کا نقصان ہوا ہے، ہمارے وسائل کم ہیں لیکن لوگوں کی ہر ممکن مدد کریں گے۔
کوئٹہ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ سرحدی علاقوں کے لوگ ایندھن اور اشیائے خورد و نوش ایران سے خرید سکتے ہیں، اس حوالے سے مکران اور رخشان ڈویژن کی انتظامیہ کو ایرانی حکام سے بات چیت کرنے اور سرحد پر نرمی کرنے کی ہدایت کی ہے۔
عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ ہمیں خیموں کی کمی کا سامنا ہے، صوبے میں خیموں کی کمی کا مسئلہ ایک دو روز میں حل کرلیں گے، ہم نے ریلیف کے ساتھ ساتھ بحالی کا کام بھی شروع کردیا ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ صوبے میں تباہ کن بارشوں کے بعد بجلی، گیس اور مواصلات کا نظام متاثر ہونے سے مسائل میں اضافہ ہو گیا ہے، ہم نے نیشنل ہائی ویز اتھارٹی (این ایچ اے) کے حکام سے کہا ہے کہ وہ سڑکوں کی بحالی کیلئے فوری اقدامات کریں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ اس سیلابی صورتحال میں سیلاب متاثرین کے ریسکیو، امداد اوربحالی کی کاموں میں پاکستان آرمی ہماری بھرپور مدد کر رہی ہے۔