کابل(مانیٹرنگ ڈیسک) افغان طالبان نے اعلان کیا ہے کہ ایک ہفتے میں کابینہ کی تشکیل کا اعلان کردیں گے،حکومت میں خواتین شامل ہونگی یا نہیں فیصلہ شوریٰ کرے گی۔
ترجمان افغان طالبان نے کہاکہ کابل ایئرپورٹ بہت جلد ہمارے مکمل کنٹرول میں ہوگا، کابل ائیرپورٹ چلانے کیلئے سکیورٹی اور تکنیکی ٹیمیں موجود ہیں، ترجمان افغان طالبان نے مشرقی افغانستان میں امریکی ڈرون حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ امریکا کو ڈرون حملہ کرنے سے پہلے ہمیں آگاہ کرنا چاہیے تھا، امریکا کو اس لئے آگاہ کرنا چاہیے تھا کہ ڈرون حملہ ہماری زمین پر ہوا۔
ترجمان نے کہاکہ امریکا برطانیہ اور یورپی ممالک سفارتی تعلقات برقراررکھیں ،ہم افغانستان میں کرنسی معاشی مسائل کے حل پر کام کررہے ہیں۔
دوسری جانب افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ افغان طالبان کے سربراہ بار بار واضح کرچکے ہیں کہ افغان سر زمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہوگی، پاک افغان طویل سرحد پر بعض مقامات ایسے ہیں جہاں ابھی تک ان کی رسائی نہیں، حکومت کی تشکیل کے بعد اس سے متعلق مکینزم بنائیں گے، اگر کسی کو پڑوسی ملک کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پایا گیا تو اْن لوگوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔