پی سی بی میں تبدیلی پر کرکٹ حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی

29 Aug, 2021 | 09:21 AM

Sughra Afzal

نشتر پارک (حافظ شہباز علی) پاکستان کرکٹ بورڈ میں تبدیلی پر کرکٹ حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، گولڈن سٹار کرکٹ کلب اور تحریک بحالی کرکٹ کے زیر اہتمام گولڈن سٹار کلب کے نیٹ پر یوم تشکر کی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

تقریب میں تحریک بحالی کرکٹ کے مرکزی راہنما فیصل آباد ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے سابق سیکرٹری رانا انیس احمد خان،گولڈن سٹار کلب کے صدر شہبازعلی، سیکرٹری کاشف علی، خازن امتیاز علی نے شرکت کی، نوجوان کھلاڑیوں نے پی سی بی میں تبدیلی پر پیٹرن وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے شکر گذار ہیں رمیز راجہ کو چیئرمین پی سی بی نامزد کرکے بہترین فیصلہ کیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے تحریک بحالی کرکٹ کے مرکزی راہنمارانا انیس احمد خان نے کہا کہ پی سی بی میں تین سالہ سیاہ دور کے خاتمے پر اللہ کے شکر گزار ہیں احسان مانی نے اپنے تین سالہ دور میں گراس روٹ کرکٹ کی بربادی کی ہے،تین سال میں کرکٹ آرگنائزرز کو دیوار کے ساتھ لگایا گیا جس پر پاکستان بھر کے کرکٹ آرگنائزرز نے شکیل شیخ کی قیادت میں تحریک بحالی کرکٹ بنائی اور اس تحریک کی تین سالہ صبر آزماتحریک کے نتیجے میں پاکستان کرکٹ سے سیاہ دور کا خاتمہ ہوا ہے۔

رانا انیس احمد خان نے کہا کہ احسان مانی  کو تبدیل کر کے وزیر اعظم نے بہترین فیصلہ کیا ہے، امید ہے کہ رمیز راجہ پاکستان میں گراس روٹ کرکٹ کی بحالی کے لئے ہنگامی اقدامات اٹھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ رمیز راجہ سے اپیل ہے کہ ملک بھر میں کلب کرکٹ کو 2014والے آئین  کے مطابق بحال کردیں اس سے فوری طور پر باصلاحیت نوجوان کرکٹرز سامنے آنا شروع ہوجائیں گے۔

گولڈن سٹار کلب کے صدر شہبازعلی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رمیز راجہ جیسے جہاندیدہ سابق کرکٹر کے چئیرمین پی سی بی بننے سے امیدہے کہ ملک میں گراس روٹ کرکٹ تیزی سے فروغ پائے گی اور ایک مرتبہ پھر پاکستان کو بابر اعظم،شاہین شاہ آفریدی، حسن علی، محمد رضوان، شاداب خان جیسے باصلاحیت کھلاڑی سامنے آنا شروع ہو ں گے۔

شہبازعلی نے کہا کہ دوسال سے کلب کرکٹ مکمل طور پر بند ہے جس سے کرکٹ کا پورانظام درہم برہم ہو گیا ہے  ہم توقع کرتے ہیں کہ رمیز راجہ فوری طور پر گراس روٹ کرکٹ کی بحالی کے لئے اقدامات اٹھائیں گے۔

مزیدخبریں