گورنر پنجاب کی مجلس اعزاء میں شرکت

29 Aug, 2020 | 05:05 PM

Arslan Sheikh

جوہرٹاؤن ( نبیل ملک ) گورنر پنجاب چودھری  محمد سرور محرم الحرام کے دوران کورونا ایس او پیز سمیت سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے جوہر ٹاؤن میں واقع ادارہ منہاج الحسین پہنچ گئے۔ 

گورنر پنجاب نے مجلس عزا سے اپنے خطاب میں کہا کہ واقعہ کربلا کے بعد ظالم کا نام و نشان بھی مٹ گیا۔ گورنر پنجاب نے علامہ حسین اکبر سے بھی ملاقات کی۔ ادارہ   منہاج الحسین آمد پر مہتمم علامہ محمد حسین اکبر نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر علامہ محمد حسین اکبر نے گورنر پنجاب چودھری سرور کو اپنے دفتر بلا کر حضرت علی علیہ السلام کے ہاتھ کا لکھا ہوا نسخہ قرآن شریف سمیت حضرت علی علیہ السلام، حضرت امام حسین علیہ السلام، حضرت عباس علمدار علیہ السلام کے مزارات پر لہرانے والے پرچم اور اپنے ہاتھ سے لکھی تفسیر قرآن بھی ہدیہ کی۔

گورنر پنجاب کی جانب سے مجلس عزاء میں شرکت کرنے پر ذاکر مجلس علامہ گلفام حسین ہاشمی نے گورنر پنجاب چودھری سرور کا شکریہ ادا کیا۔ ان کی آمد کو بین المسالک ہم آہنگی کی کامیابی قرار دیا۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے مجلس عزاء سے خطاب بھی کیا۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا کہ وہ دلی طور پر شکر گزار ہیں کہ منہاج الحسین انتظامیہ نے ان کو مجلس میں شرکت کی دعوت دی۔ 

سٹی فورٹی ٹو سے اپنی گفتگو میں مہتمم منہاج الحسین محمد حسین اکبر نے کہاکہ وہ اور ان کا ادارہ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کی امام بارگاہ آمد اور مجلس عزاء سے خطاب پر بے حد شکر گزار ہیں۔ 

مزیدخبریں