مال روڈ (علی اکبر) مسلم لیگ (ق ) نے جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات کروانے کی تجویز دے دی، صدر (ق ) لیگ چودھری شجاعت حسین نے کہا ہےکہ میری تجویز ہے کہ بلدیاتی الیکشن جماعتی بنیادوں پر ہوں، ہماری جماعت پاکستان مسلم لیگ (ق) بلدیاتی الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی، ساری سیاسی جماعتیں اس میں اپنا اپنا امیدوار کھڑا کریں اور ایسی روایت پیدا کریں تاکہ الیکشن منصفانہ ہوں اور ظاہر بھی ہوں۔
اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کرنیوالوں مختلف مسلم لیگی رہنماؤں سے گفتگو میں چودھری شجاعت حسین نے کہاکہ الیکشن کمیشن تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر ایک ایسا کوڈ آف کنڈکٹ بنائے کہ کوئی بھی ذاتی طور پر الیکشن پر اثر انداز نہ ہو اور ایسا الیکشن ہو جس کو عوام بھی تسلیم کریں اگر ایسا کلچر فروغ پا جائے تو اگلے آنے والے جنرل الیکشن میں آسانی ہو گی۔
چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ الیکشن جیتنے والا اگلے دن اپنے مقابلے میں کھڑے ہونے والے امیدواروں کے پاس جائے انہیں اپنے گھر آنے کی دعوت دے اور الیکشن مہم میں پیدا ہونے والی تلخیوں کو دور کیا جائے، اسی طرح ہارنے والے کھلے دل سے جیتنے والے امیدوار کو مبارکباد دیں اور تمام غلط فہمیاں ختم کریں۔
انہوں نے کہا کہ جس وارڈ یا علاقے میں الیکشن ہوں وہاں بیرونی علاقوں سے اپنے حمایتی بلا کر مداخلت نہ کی جائے صرف اسی علاقے کے ووٹر سپورٹر اس میں حصہ لیں اگر اس طرح کا رواج چل جائے تو جمہوریت اور انصاف کی طرف اہم قدم ہو گا۔
مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری سینیٹر کامل علی آغا، چودھری شافع حسین، مسلم لیگ سندھ کے رہنما طارق حسن، سابق ایم این اے میاں منیر، شیخ عمر حیات، فیصل حیات، آفاق خٹک آف سانگھڑ اور فیصل حیات بھی موجود تھے۔
اس موقع پر صدر مسلم لیگ وکلا ونگ پنجاب عالمگیر ایڈووکیٹ، مسلم لیگی رہنما و سابق ایم پی اے رانا غلام قادر عرف منے خاں اور مسلم لیگ لاہور کے رہنما میاں اسد منیر کے سسر کی وفات پر ان کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔