ایف بی آر سرکاری افسران کیخلاف حرکت میں آگیا

29 Aug, 2019 | 07:40 PM

Arslan Sheikh

( رضوان نقوی ) مختلف وفاقی و صوبائی محکموں کے غیر رجسٹرڈ ملازمین و افسران کے خلاف ایف بی آر حرکت میں آگیا، پاکستان ریلویز، سرکاری ہسپتالوں اور ایل ڈی اے سمیت مختلف سرکاری محکموں کے غیر رجسٹرڈ ملازمین کو ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے کیلئے کارروائی تیز کردی۔

ایف بی آر کے جمع کردہ اعدادو شمار کے مطابق لاہور میں وفاقی و صوبائی اداروں کے تقریبا 3 لاکھ 33 ہزار 6 سو ملازمین ہیں۔ 4 لاکھ سے زائد سالانہ تنخواہ لینے والے ٹوٹل سرکاری ملازمین و افسران 1 لاکھ 53 ہزار ہیں، وفاقی و صوبائی اداروں میں صرف اٹھارہ ہزار تین سو تین فائلرز، انیس ہزار چھ سو تئیس نان فائلرز اور ایک لاکھ پندرہ ہزار چار سو تین سرکاری ملازمین تاحال غیر رجسٹرڈ ہیں۔

ریلوے ہیڈ کوارٹر میں 1762 میں سے 985 سرکاری ملازمین غیر رجسٹرڈ، لیسکو ہیڈ آفس میں 9324 میں سے 7286 ملازمین غیر رجسٹرڈ ہیں، ایل ڈی اے آفس جوہر ٹاؤن میں 1365 میں سے 1190 ملازمین غیر رجسٹرڈ ہیں۔ واسا میں 2756 میں سے 1990 ملازمین غیر رجسٹرڈ ہیں۔ اسی طرح ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ لاہور میں 848 میں سے 506 ملازمین تاحال ٹیکس نیٹ میں شامل نہیں ہیں جبکہ بورڈ آف ریونیو اینڈ ایری گیشن ڈیپارٹمنٹ میں 468 میں سے 102 ملازمین تاحال غیر رجسٹرڈ ہیں۔

میو ہسپتال میں 6354 میں سے 4471 ملازمین اور سروسز ہسپتال میں 3327 میں سے 2418 ملازمین، جنرل ہسپتال میں بھی 4289 میں سے 3966 ملازمین غیر رجسٹرڈ نکلے ہیں۔ ایف بی آر حکام کے مطابق غیر رجسٹرڈ ملازمین کو جرمانے عائد کرکے ٹیکس نیٹ میں شامل کیا جائے گا۔

مزیدخبریں