(عرفان ملک)شہری ہوجائیں ہوشیار!!!نوسربازوں نے اے ٹی ایم سے فراڈ کا نیا طریقہ دریافت کرلیا، ٹرانزیکشن سے پہلے مشین میں کاغذ پھنسا دیکھیں تو ہرگز استعمال نہ کریں۔
جب بھی اے ٹی ایم سے پیسے نکلوانے جائیں اور مشین میں کارڈ ڈالنے کی جگہ پر اگر آپ کو کچھ کاغذ پھنسے ہوئے دکھائی دیں تو مشین ہرگز استعمال نہ کریں، اگر کارڈ پھنس جائے اور اے ٹی ایم کے باہر سے کوئی شخص آپ کی مدد کیلئے آئے تو اسے ہرگز اپنا پاسورڈ نہ بتائیں۔
جامع مسجد گورنر ہاؤس کے خطیب کو نوسر بازوں نے 50 ہزار روپے سے محروم کردیا، خطیب کے مطابق وہ گوالمنڈی کے علاقے میں ایک نجی بینک کی اے ٹی ایم مشین سے پیسے نکلوانے کیلئے داخل ہوئے، انہوں نے جونہی مشین میں کارڈ ڈالنے کی کوشش کی تو کارڈ اندر جانے کی بجائے وہیں اٹک گیا، خطیب صاحب نے اے ٹی ایم کے باہر کھڑے شخص کو مدد کے لئے بلایا اس شخص نے قاری صاحب سے اے ٹی ایم کا پن نمبر پوچھ لیا اور کہا آپ اپنا کارڈ بلاک کروا دیں یہ باہر نہیں نکلے گا اور وہ شخص چلتا بنا۔
خطیب صاحب نے بینک انتظامیہ کو فون کیا تو معلوم ہوا کہ انکے اکاؤنٹ سے 50ہزار روپے کی رقم نکل چکی ہے، قاری صاحب نے جب بینک سے مزید معلومات لیں تو پتہ چلا کہ یہ گینگ شہر میں سرگرم ہے جو اے ٹی ایم میں کاغذ پھنسا دیتا ہے اور پھر خود ہی مدد کی آفر کرتا ہے، گینگ سادہ لوح شہریوں سے پن کوڈ حاصل کر کے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے کارڈ استعمال کرلیتا ہے۔
بینک کے مطابق شہر کے متعدد علاقوں میں یہ گروہ سرگرم ہے اور ابتک کئی وارداتیں کر چکا ہے، بینک نے صارفین سے محتاط رہنے کی درخواست کرتے ہوئے قابل اعتبار اے ٹی ایم استعمال کرنے کی گزارش کی ہے۔