اسرار خان: لاہور شہر میں ٹریفک حادثات کی بڑھتی ہوئی تعداد پولیس کے لئے اضافی بوجھ کا باعث بن گئی ہے۔ رواں سال کے پہلے تین ماہ کے دوران، ٹریفک حادثات کے 52 مقدمات درج کئے گئے ہیں جو کہ پچھلے سال کی نسبت زیادہ ہیں۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق سٹی ڈویژن میں سب سے زیادہ 13 مقدمات درج ہوئے، جبکہ صدر ڈویژن اور کینٹ ڈویژن بالترتیب 12 اور 10 مقدمات کے ساتھ دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے۔ ماڈل ٹاؤن اور سول لائنز ڈویژن میں 7، 7 مقدمات درج ہوئے، جبکہ اقبال ٹاؤن ڈویژن میں 3 مقدمات درج کئے گئے۔
پولیس کے مطابق بیشتر واقعات میں فریقین کی باہمی رضامندی سے معاملات طے پا جاتے ہیں، لیکن جب معاملات طے نہیں پاتے تو متاثرہ فریق کی درخواست پر مقدمہ درج کیا جاتا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شہری جلد بازی اور غفلت سے گریز کریں، جو کہ ٹریفک حادثات کا ایک بڑا سبب ہے۔