ملک اشرف : سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پابندی کیخلاف درخواست پر سماعت ،ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت سمیت دیگر فریقین کو جواب داخل کرانے کیلئے مہلت دیدی ۔
جسٹس شاہد بلال حسن نے حافظ شاکر محمود کی درخواست پر سماعت کی۔ جس میں ایکس پرپابندی کوچیلنج کیا گیاہے۔ سماعت کے دوران متعلقہ فریقین کی طرف سے جواب داخل نہ کرایاگیا۔ عدالت نے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پرجواب داخل کرایا جائے۔ درخواست میں نشاندہی کی گئی کہ وزارت داخلہ کے ایما پر پی ٹی اے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پابندی لگائی ہے، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ وزارت داخلہ کے پاس ایسا کوئی اختیار نہیں، جس کے تحت ایسی پابندی لگائی جائے۔ درخواست میں یہ قانونی نکتہ بھی اٹھایا گیا کہ ایکس پرپابندی آزادی اظہار کی نفی ہے اور آئین اس کی اجازت نہیں دیتا۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ ایکس پر لگائی گئی پابندی کو ختم کرنے کا حکم دیا جائے۔