انتخابات کے حوالے سے مزید مذاکرات ہونگے یا نہیں؟ تحریک انصاف کا اہم فیصلہ

29 Apr, 2023 | 06:23 PM

Bilal Arshad

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے حکومت کے ساتھ ملک بھر میں ایک ساتھ انتخابات کے حوالے سے مذاکرات جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیرصدارت زمان پارک میں مرکزی رہنماؤں کا اجلاس ہوا، اجلاس میں شاہ محمود قریشی، فوادچودھری ، شبلی فراز، حماد اظہر،اعظم سواتی ،اعجاز چودھری اورمحمود خان سمیت دیگر شریک ہوئے،اجلاس میں عمران خان کو حکومت کے ساتھ مذاکرات پر بریفنگ دی گئی ،اجلاس میں مختلف تجاویز اور آئندہ کے لائحہ عمل پر گفتگوہوئی۔

 اجلاس کے شرکا نے پرویز الٰہی کی رہائشگاہ پر چھاپے کی مذمت کی، اجلاس میں رہنماؤں نے رائے دی کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات جاری رکھے جائیں ۔

ذرائع کے مطابق شرکا کاکہناتھا کہ پرویز الٰہی کے گھر چھاپہ مذاکرات سبوتاژ کرنے کی سازش ہو سکتی ہے، چندارکان کاکہناتھا کہ مذاکرات کو مزید آگے نہیں جانا چاہئے ،چند ارکان نے تجویز کیا کہ مذاکرات ختم ہونے چاہئیں۔

اجلاس میں تحریک انصاف نے یکم مئی کو ریلی نکالنے کا فیصلہ کیا ہے،چیئرمین تحریک انصاف عمران خان ریلی کی قیادت کریں گے، ریلی لبرٹی چوک سے ناصر باغ تک نکالی جائے گی ۔

مزیدخبریں