رائل پارک (زین مدنی) معروف اداکار شہریار منور نے انکشاف کیا ہے کہ بالی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا نے خود ان سے کہا تھا کہ ان کی والدہ میری مداح ہیں۔
شہریار منور حال ہی میں ایک ویب شو میں جلوہ گر ہوئے اور دوران انٹرویو بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر اپنا تجربہ مداحوں سے شیئر کیا، شہریار نے پریانکا کے ساتھ ایک اشتہار میں بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کام کا تجربہ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ موبائل فون کا ایک اشتہار تھا جس کے لیے میں نے پریانکا کو بلون مارا۔
اداکار نے بتایا کہ بلون کے دوران پریانکا نے میرانام لے کر مجھے مخاطب کیا جس نے لمحے بھر کے لیے مجھے ساکت کردیا اور میں وہیں دل پکڑ کر لیٹ گیا کہ پریانکا کو میرا نام پتا ہے، اس کے بعد بالی وڈ اداکارہ نے مجھے کہا کہ میری والدہ آپ کی فین ہیں اور وہ اس وقت میری وینیٹی میں موجود ہیں کیا آپ ہمیں جوائن کریں گے۔
شہریار منور کا کہنا تھا کہ اس کے بعد میں نے پریانکا اور ان کی والدہ سے ملاقات کی جو بہت اچھی رہی، ان کی والدہ نے میرے ساتھ تصاویر بھی لیں۔
انہوں نے کہا کہ میں ماضی میں اداکارہ سونم کپور کو بھی بلون مار چکا ہوں جب کہ انیل کپور نے خود مجھے ایک بالی وڈ فلم کی پیشکش کی لیکن میں نے انکار کردیا کیوں کہ فلم کا کردار کافی بولڈ تھا لہذا میں نہیں کرپاتا۔