مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ، تاجر برادری کا ردعمل سامنے آگیا

29 Apr, 2021 | 02:41 PM

Malik Sultan Awan

سٹی 42: تاجر برادری نے حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن کے فیصلے کو مسترد کردیا، حکومت درمیانی راستہ اختیار کرے۔

تفصیلات کے مطابق  جنرل سکرٹری اعظم کلاتھ مارکیٹ بورڈ اطہر علی خان نے مکمل لاک ڈاؤن کے فیصلے کا مسترد کردیا، ان کا کہنا تھا کہ حکومت ان  سے بات چیت کے بغیر کوئی فیصلہ نہ کرے۔ 

صدر انصاف گروپ انجمن تاجران اردو بازار شاہد محمود ڈوگر نے بھی لاہور شہر بھر میں لاک ڈاؤن کی بجائے سمارٹ لاک ڈاؤن کو اپنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت تاجروں کے حال پر رحم کرے اور شہر بھر میں لاک ڈاؤن مت لگایا جائے۔

پنجاب حکومت عید سے قبل لاہور میں مکمل لاک ڈاؤن کیلئے تیار

نائب صدر مال روڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن لیاقت جٹ نے حکومت سے عید سے قبل مکمل لاک ڈاؤن نہ لگانے کی اپیل کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت لاک ڈاون کی بجائے اوقات کار میں ردوبدل کرے۔

صدر پیرس مارکیٹ و اتحاد گروپ بانو بازار عتیق الرحمن نےحکومت سے لاک ڈاؤن کی آپشن نہ استعمال کرنے کا مطالبہ کیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ حکومت مارکیٹوں میں رش کم کرنے اور ایس او پیز پر عمل درآمد کروانے کے لیے اوقات کار بڑھائے۔ 

چیئرمین شاہ عالم مارکیٹ بورڈ سید عظمت علی نےبھی عید سے قبل مکمل لاک ڈاؤن کو ناقابل قبول عمل قرار دے دیا،انہوں نے کہا کہ حکومت کے منفی فیصلوں سے تاجر پہلے ہی پریشان ہیں، حکومت تاجر مخالف فیصلہ نہ کرے۔

مزیدخبریں