شاہدرہ،لیڈی ڈاکٹر میں کورونا کی تصدیق، شوہر بھی مبتلا

29 Apr, 2020 | 04:52 PM

M .SAJID .KHAN

(سعود بٹ)سوشل سکیورٹی ہسپتال شاہدرہ کی لیڈی ڈاکٹر میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی،بروقت آئسولیشن نہ ہونے کے سبب خاتون ڈاکٹرکا شوہر بھی کورونا میں مبتلاہوگیا، ہسپتال کی مزید ایک گائنا کالوجیسٹ اور2 نرسیں مشتبہ قرار ،کورونا تشخیصی ٹیسٹ کے لئےسیمپل لے لیا۔

سوشل سکیورٹی ذرائع کے مطابق سوشل سکیورٹی ہسپتال شاہدرہ میں گائناکالوجسٹ لیڈی ڈاکٹر کا رزلٹ مثبت آنے کی تصدیق کردی گئی۔حکام کے مطابق لیڈی ڈاکٹر میں وائرس اسکے خاوند سے منتقل ہوا۔ حکام کا کہنا ہے کہ لیڈی ڈاکٹر کا رابطہ ایک گائناکالوجسٹ اور دو نرسز کیساتھ رہا ہےجن کے ٹیسٹ کئے جا رہے ہیں۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق لیڈی ڈاکٹر نے ہسپتال میں کام جاری رکھا اور بروقت قرنطینہ یا آئسولیشن میں منتقل نہیں کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق سوشل سکیورٹی شاہدرہ کورونا کے مشتبہ مریضوں کو میو ہسپتال بھجوا دیتاہے۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ہسپتال عملہ کی جانب سے ہیڈ آفس کو کورونا کے مشتبہ مریضوں کی درست معلومات بھی فراہم نہیں کی جا رہیں۔

چین کے صوبے ووہان سے جنم لینے والی خطرناک بیماری کورونا وائرس کی دنیا بھر میں تباہ کاریاں جاری ہیں، اب تک دنیا بھر میں کورونا سے 2 لاکھ 11 ہزار 894 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ 30 لاکھ 57 ہزار 957 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں، امریکا بدستور پہلے نمبر پر ہے جہاں ہلاکتوں کی تعداد 56 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ تصدیق شدہ کیسز 10 لاکھ کے قریب تر پہنچ چکے ہیں۔

پاکستان میں بھی کورونا وائرس کے حملوں میں تیزی آگئی، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس سے مزید 28 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 327 ہوگئی جبکہ نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 14787 تک جا پہنچی ہے، اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 114 افراد انتقال کر چکے ہیں جبکہ سندھ میں 92، پنجاب میں 95، بلوچستان میں 14، اسلام آباد 4 اور گلگت بلتستان میں 3 افراد مہلک وائرس کے باعث جاں بحق ہو چکے ہیں۔

مزیدخبریں