(حسن علی) یوٹیلیٹی سٹورز ملازمین کی ہڑتال کے مثبت نتائج برآمد ہونا شروع ہوگئے، انتظامیہ نے ملازمین کی یومیہ اُجرت اور تنخواہوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن کے تحت مستقل اور کنٹریکٹ ملازمین کی بنیادی تنخواہ میں 10 فیصد جبکہ ڈیلی ویجرز کی یومیہ اُجرت میں 240 روپے تک کا اضافہ کیا گیا ہے،یوٹیلیٹی سٹورز کے مستقل اور کنٹریکٹ ملازمین کے ایڈہاک ریلیف میں بھی 10 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، ڈیلی ویجز ملازمین کی یومیہ اُجرت میں اضافے کا اطلاق یکم جولائی 2019 سے ہوگا اور ملازمین کو مارچ 2020 تک کے بقایا جات اقساط میں ادا کیےجائیں گے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ انڈر میٹرک اور میٹرک کی تعلیمی قابلیت والے ڈیلی ویجز کی یومیہ اُجرت ساڑھے پانچ سو روپے سے بڑھا کر 675 روپے جبکہ انٹرمیڈیٹ اور ڈرائیورز کی یومیہ 650 روپے سے بڑھا کر 780 روپے مقرر کردی گئی، گرایجویشن اور ایم اے پاس ملازمین کی یومیہ اجرت میں 140 روپے کا اضافہ کیا گیا اوران کی یومیہ اُجرت 700 روپے سے بڑھا کر 840 روپے کردی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ایم بی اے، ایم پی اے، ایم کام اور ایم ایس پاس ملازمین کی یومیہ اُجرت میں 180 روپے کا اضافہ کیا گیا اور یومیہ اُجرت900 سے بڑھا کر ایک ہزار 80 روپے مقرر کی گئی ہے، ایم فل، ایم ایس یا اس کے مساوی تعلیمی قابلیت والے ڈیلی ویجز ملازمین کی یومیہ اُجرت میں 240 روپے کا اضافہ کیا گیا اور ان کی یومیہ اُجرت 1200 روپے سے بڑھا کر 1440 روپے کردی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ہیڈ آفس، زونل دفاتر اور مختلف پروجیکٹس پر چھٹی کے دن کام کرنے والےڈیلی ویجرز کو اضافی پیسے دیئے جائیں گے۔
واضح رہے کہ یوٹیلیٹی سٹورز ملازمین نے پہلے روزے کو ہڑتال کا اعلان کیا تھا اورملک بھر کے یوٹیلیٹی سٹورز بند کردیئے تھے تاہم بعدازاں یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کی انتظامیہ اور ملازمین کے درمیان ہونے والے مذاکرات کامیاب ہوگئے تھے۔