آئی جی پنجاب نے ایس پی یو اہلکاروں کی پروموشن پالیسی کی منظوری دیدی

29 Apr, 2020 | 11:02 AM

Shazia Bashir

 ( کرائم رپورٹر ) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر نے کہا ہے کہ سی پیک سمیت دیگرترقیاتی پراجیکٹس پر کام کرنے والے غیر ملکی شہریوں بالخصوص چینی ماہرین کی بہترین سیکیورٹی پنجاب پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر نے کہا ہے کہ سپیشل پروٹیکشن یونٹ (ایس پی یو) کے افسران و اہلکار پہلے سے زیادہ محنت، تندہی اور ہائی الرٹ ہو کر اپنے فرائض سر انجام دیں، حساس پراجیکٹس پر مامور اہلکاروں کو متعلقہ انچارجز ڈیوٹی کی حساسیت کے متعلق روزانہ کی بنیاد پر بریفنگ بھی دیں، انہوں نے کہا کہ میرٹ، سنیارٹی اور اچھے کردار کے حامل ایس پی یو اہلکاروں کی محکمانہ ترقی ان کا بنیادی حق ہے جسے بلا تاخیر دینے کیلئے تمام تر اقدامات کوفی الفور یقینی بنایا جائے تاکہ اہلکار زیادہ محنت اور دلجمعی کے ساتھ اپنے فرائض ادا کریں۔

 انہوں نے مزید کہا کہ فرض شناس اہلکاروں کی محکمانہ ترقی نہ صرف ان کا بنیادی حق بلکہ اچھی کارکردگی پر محکمانہ انعام بھی ہے لہذا پروموشن بورڈ اجلاس باقاعدگی سے منعقد کرکے اہلکاروں کو انکا جائز حق دیا جائے، سی پیک پراجیکٹس کی سیکیورٹی پر مامور ایس پی یو اہلکاروں کو درپیش مسائل کے حوالے سے نئے ایس او پیز تشکیل دئیے جائیں جن میں مشکلات کے ازالے کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت واضح گائیڈلائنز بھی ہوں تا کہ اہلکاروں کو ہر ممکن سہولت مہیا کی جا سکے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ کورونا بحران کے پیش نظر ایس پی یو اہلکاروں کو فیس ماسک، ہینڈ سینیٹائزز، حفاظتی کٹس سمیت دیگر سامان کی فراہمی میں تعطل نہ آئے کیونکہ اہلکاروں کو وبائی مرض سے محفوظ رکھنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے اور یہ ہدایات انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں ایس پی یو کے محکمانہ امور سے متعلقہ اجلاس کی صدارت کے دوران پروموشن پالیسی کی منظوری دیتے ہوئے جاری کیں۔

دوران اجلاس ڈی آئی جی ایس پی یو عمر شیخ نے سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے پیشہ ورانہ امور، کارکردگی اور درپیش چیلنجز کے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایس پی یو کی ٹیمیں صوبے کے مختلف اضلاع میں سی پیک سمیت دیگر پراجیکٹس پر مصروف غیر ملکی ماہرین کی سیکیورٹی کیلئے جانفشانی کے ساتھ اپنے فرائض سر انجام دے رہی ہیں جبکہ اہلکاروں کی استعداد کار میں اضافے کیلئے جدید خطوط پر تربیتی کورسز اور ٹریننگ ورکشاپس کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

آئی جی پنجاب نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ایس پی یوپنجاب پولیس کی انتہائی اہم آپریشنل فورس ہے جس میں شامل افسران واہلکاروں کو درکار ہر قسم کے ساز و سامان کی فراہمی کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے جبکہ کورونا بحران کے پیش نظردوران ڈیوٹی ماہرین صحت کی جانب سے بیان کی گئی احتیاطی تدابیر کو ہر صورت اپنا یا جائے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ سینئر افسران ماہانہ بنیادوں پر فیلڈ وزٹس کرکے ورکنگ سائٹس کی حالات اور فورس کی کارکردگی کی انسپکشن کرتے رہیں جس کی رپورٹس بھی سنٹرل پولیس آفس بھجوائی جائیں، اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی آپریشنز انعام غنی، ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ شاہد حنیف، ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ بی اے ناصراور ڈی آئی جی ایس پی یو عمر شیخ سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

مزیدخبریں