لاہور انویسٹی گیشن پولیس نے24 گھنٹوں میں3 خطرناک ملزمان گرفتار کرلیے

29 Apr, 2020 | 09:40 AM

Shazia Bashir

کرائم رپورٹر: لاہور انویسٹی گیشن پولیس نے بہترین حکمت عملی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 24 گھنٹوں میں سنگین مقدمات میں ملوث 3 خطرناک ملزمان، دوران ڈکیتی مزاحمت پر شہری کو قتل کرنے والے قاتل، غیرت کے نام پر بیوی کو قتل کرنے والے شوہر سمیت معصوم بچیوں کو زیادتی کا نشانہ بنانے والے درندہ صفت سوتیلے باپ کو گرفتار کرلیا۔

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور ڈاکٹر انعام وحیدخان کی واضح ہدایات کی روشنی میں انویسٹی گیشن پولیس کی سپیشل ٹیمیں قتل، ڈکیتی، جنسی زیادتی اور دیگر سنگین مقدمات میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لانے اور انہیں قرار واقعی سزائیں دلوانے کے لیے دن رات سر گرم عمل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ایس پی انویسٹی گیشن ماڈل ٹاؤن اسد مظفر کی سربراہی میں لیاقت آباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دوران ڈکیتی مزاحمت پر 30سالہ حافظ فاروق کو فائرنگ کر کے قتل کرنے والا ملزم ندیم کو گرفتارکر لیا، ملزم ندیم نے چند روز قبل ماڈل ٹاؤن میں حافظ سویٹس دوکان میں ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر مقتول حافظ فاروق کو فائرنگ کر کے قتل کیا اور موقع سے فرار ہو گیا تھا۔

ملزم ندیم نشے کا عادی ہے اور اپنی اس لت کو پورا کرنے کے لیے ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں کا سہارا لیتا ہے، مقتول حافظ فاروق کے قتل کے روز بھی ملزم ندیم نے نشہ خریدنے کے لیے گن پوائنٹ پر واردات کی تھی۔

اسی طرح لاہور انویسٹی گیشن ہنجروال نے فوری کارروائی کرتے ہوئے غیرت کے نام پر اپنی بیوی کو قتل کرنے والاملزم طیب کوگرفتارکر لیا، ملزم طیب کی 4 ماہ  قبل 30 سالہ مقتولہ کلثوم سے کراچی میں پسند کی شادی ہوئی تھی، شادی کے بعد نو بیاہتے جوڑے نے لاہور کے علاقے ہنجروال میں رہائش اختیار کر لی تھی، ملزم طیب کو اپنی بیوی کلثوم پر ناجائز تعلقات ہونے کا شک تھا، ملزم طیب نے شک کی بنیاد پر توے کے پے درپے وار کر کے بیوی کلثوم کو قتل کیا۔

 ایس پی انویسٹی گیشن سول لائنز اسد الرحمان کی سربراہی میں لاہور جینڈر بیسڈ وائیلنس سیل سول لائنز ڈویژن نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 14سالہ اور12سالہ سوتیلی بیٹیوں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے والا درندہ صفت سوتیلا باپ عبدالشکور کو گرفتارکیا، ملزم عبدالشکور نے عرصہ ایک سال قبل سمیرا بی بی سے دوسری شادی کی تھی جو عرصہ8/9 ماہ سے اپنی دونوں سوتیلی بیٹیوں کو جنسی حوس کا نشانہ بنا رہا تھا، بچیوں کی والدہ سمیرا بی بی نے اپنے شوہر ملزم عبدالشکور کے خلاف بچیوں کیساتھ جنسی زیادتی کا تھانہ شالیمار میں مقدمہ درج کر وایا تھا، متاثرہ بچیوں کے میڈیکل ٹیسٹ کروا لئے گئے ہیں۔

  گرفتار ملزم عبدالشکور کاDNA  ٹیسٹ کروانے کے لئے کارروائی شروع کر دی گئی ہے، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور ڈاکٹر انعام وحید خان نے انویسٹی گیشن پولیس کی ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری پر پولیس ٹیمز کے لیے نقد انعام اور تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔

مزیدخبریں