پاکستان تحریک انصاف مینار پاکستان پر نئی تاریخ رقم کرنے کو تیار

29 Apr, 2018 | 01:43 PM

Read more!

(سٹی 42) تحریک انصاف آج مینار پاکستان پر سیاسی پاور شو دکھائے گی، پارٹی کارکنوں کی جانب سے جلسہ کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں، پنڈال سج گیا، جلسہ گاہ میں ملک بھر سے کارکنوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، کپتان کھلاڑیوں سے خطاب کے دوران دس نکاتی ایجنڈا پیش کریں گے۔

سٹی42 ذرائع کے مطابق تحریک انصاف آج مینار پاکستان پر سیاسی پاور شو دکھائے گی، پارٹی کارکنوں کی جانب سے جلسہ کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں، 120 فٹ لمبا، 32 فٹ چوڑا اور 24 فٹ اونچا اسٹیج تیار کر لیا گیا ہے، سٹیج کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا،سٹیج کا پہلا حصہ پی ٹی آئی قائدین کے بیٹھنے کے لیے ہوگا اور وہاں پر صوفے لگائے گئے ہیں۔ پی ٹی آئی کی لیڈر شپ کی تقاریر کیلئے نیچے ڈائس لگایا گیا۔ عمران خان کی تقریر کے لئے مرکزی سٹیج کے اوپر دوسرا سٹیج بنایا گیا۔ سٹیج کے عقب میں تاریخ کی سب سے بڑی سکرین آویزاں کی گئی ہیں ، جلسہ گاہ میں 50 ہزار کرسیاں لگا دی گئیں ہیں۔ جلسہ کے لیے سکیورٹی انتظامات کو فول پروف بنایا گیا ہے، جلسہ گاہ میں خواتین اورفیملیز کے لیے الگ انکلوژرز بنائے گئے ہیں۔جلسہ گاہ میں 5 داخلی راستے رکھے گئے ہیں۔ وی آئی پیز، مردوں اور خواتین کو علیحدہ علیحدہ راستوں سے گزارا جائے گا۔

کھلاڑیوں کا لہوگرمانے کیلئے  نیا ترانہ تیار کیا گیا ۔ تحریک انصاف کے جلسے کیلئے نعرہ چاروں صوبوں کی جان میراکپتان ، عمران خان کے نام سے بنایا گیا ہے، جلسے میں عمران خان کی 22سالہ جدوجہد پر فیصل جاوید کی جانب سے تیار کردہ دستاویزی فلم دکھائی جائے گی ۔ جلسے میں حکمرانوں کی کرپشن کی داستانیں بھی سکرین کے ذریعے دنیا کو دکھائی جائیں گی۔ارض پاک سے وفاداری کا حلف خصوصی طور پر پروگرام کا حصہ ہے ۔نامور گلوکار مادر وطن کی عقیدت میں ملی نغمے پیش کریں گے اور شرکاءکا لہو گرمائیں گے ۔

کپتان مینار پاکستان جلسے میں اپنی حکومت کے پہلے100 دن کا پلان بھی بتائیں گے ۔جلسے میں پی ٹی آئی چیئرمین تعلیم، صحت، روز گار، امن اور ترقی کے شعبوں میں کیا ہوگا؟ سب بتائیں گے، کرپشن کے خاتمے، سیاسی دبائو سے پاک گورنس اور برابری کی بنیاد پر خود مختار آزاد خارجہ پالیسی کے نکات بھی کپتان بتائیں گے۔

دوسری سٹی ٹریفک پولیس نے شہریوں کی سہولت  کیلئے ٹریفک پلان بھی جاری کردیا،جلسہ گاہ میں آمد کے لئے دو انٹری پوائنٹس جبکہ وی آئی پیز کے داخلے کے لئے الگ پوائنٹ مختص کیا گیا ہے، پارکنگ کے مقامات میں فورٹ روڈ، مولانا احمد علی روڈ، آؤٹ گیٹ، لاری اڈا سروس روڈ شامل ہیں۔ جلسہ گاہ اور ملحقہ شاہراہوں پر پانچ سو سے زائد وارڈنز شہریوں کی رہنمائی کریں گے۔

واضح ہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے مینار پاکستان پر میوزیکل کنسرٹ کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں عطااللہ خان عیسیٰ خیلوی، ابرار الحق اور دیگر ز نے شرکت کی اور پارٹی ترانے گا کر کارکنوں کا لہو گرمایا تھا۔ 

مزیدخبریں