احمد منصور : وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیز ہمارا قیمتی اثاثہ اور ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کی پاکستانی کمیونٹی کے ارکان سے ملاقات ہوئی ، ملاقات کا اہتمام قونصلیٹ جنرل آف پاکستان کی جانب سے کیا گیا۔ پاکستانی کمیونٹی کے ارکان کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کو اقوام متحدہ جنرل اسمبلی سے خطاب پر زبردست خراج تحسین کیا گیا ۔
خواجہ محمد آصف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے پوری دنیا کے سامنے کشمیر اورف فلسطین کا مقدمہ شاندار انداز سے پیش کیا،وزیراعظم نے بھارت کی جانب سے کسی بھی جارحیت پر منہ توڑ جواب دینے کا پیغام دے کر قوم کی ترجمانی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ میں پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ ملاقات میرے لئے باعث مسرت ہے، یہ تقریب صرف ایک اجتماع نہیں بلکہ پاکستانی قوم کی عظمت اور ہم آہنگی کا مظہر ہے، اوورسیز پاکستانیز ہمارا قیمتی اثاثہ اور ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔ آپ سب کی پاکستان سے محبت کا اظہار دیکھ کر خوشی ہوئی۔
وزیر دفاع نے کہا کہ امریکہ کی سرزمین پر آپ سب نے اپنی محنت اور لگن سے ایک نیا معاشرہ آباد کیا اور پاکستان کا نام روشن کیا ہے، اوورسیز پاکستانیز نے ہمیشہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں بھرپور کردار ادا کیا، اوورسیز پاکستانیز نے اپنے کردار سے ثابت کیا ہے کہ پاکستانی قوم ہر مشکل کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ آپ سب کی یہ کامیابی پاکستان کے لئے ایک روشن مستقبل کی نوید ہے، ملکی معاشی ترقی میں اوورسیز پاکستانیز کا گراں قدر کردار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے، اوورسیز پاکستانیز کی تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہیں ۔ وزیراعظم نے بیرون ملک تمام سفارت خانوں کو اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرا رکھی ہے، اوورسیز پاکستانیز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔