موسم کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے اہم پیشگوئی کردی

28 Sep, 2024 | 07:12 PM

روزینہ علی : محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک رہے گا، تاہم خیبرپختونخواہ، بالائی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بہاولپور، پڈعیدن اوردادو میں 41 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔

اتوار کے روز موسم کی صورتحال کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع جزوی ابرآلود رہے گا۔ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا، تاہم دیر، چترال، کرم، وزیرستان اور ڈیرہ اسماعیل خان میں آندھی/ جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کی توقع ہے۔ 

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ جنوبی علاقوں میں موسم گرم رہے گا، تاہم بہاولنگر، بہاولپور، رحیم یار خان اورگردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے ، تاہم لسبیلہ، خضدار اور گردونواح میں تیزہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ اس کے علاوہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، تاہم تھرپارکر، عمر کوٹ، سانگھڑ اور گردونواح میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ کشمیرمیں چند مقامات پر تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابرآلود رہنےکی توقع ہے ۔ 

مزیدخبریں