سٹی42: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کراچی میں تاجر برادری سے ملاقات کی ہے،ملاقات میں معیشت سے متعلق تاجر برادری کے ساتھ اہم امور زیر بحث آئے۔
دورہ کراچی کے دوران آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے تاجر برادری سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایک سال پہلے کہا تھا کہ مایوس مت ہوں، مایوسی گناہ ہے، پاکستان کی خوشحالی کے بارے میں کبھی اُمید نہیں چھوڑنا۔
آرمی چیف کا کہنا ہے کہ معاشرے میں مایوسی پیدا کرنے کی ناکام کوششوں کو اجتماعی کاوشوں سے شکست دی، پاکستان مختلف شعبوں میں غیر معمولی صلاحیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بے پناہ وسائل اور صلاحیت کے پیشِ نظر پاکستان اقوامِ عالم میں اپنا جائز مقام حاصل کرنا چاہتا ہے، مغربی سرحد پر اسمگلنگ پر قابو پانے سے معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوئے، فوج غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائی کے لیے پُرعزم ہے۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ برادر دوست ممالک چین، سعودی عرب اور یو اے ای کی جانب سے پاکستان کی معاشی بحالی میں کردار قابلِ ستائش ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ گوگل اور دیگر بین الاقوامی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں، کاروباری برادری کے تعاون کے بغیر یہ کامیابیاں ممکن نہ تھیں، پاکستان کے روشن مستقبل پر سب کو غیر متزلزل اعتماد ہونا چاہیے، کراچی کی کاروباری برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں گے۔
ملاقات کے دوران آرمی چیف نے تاجر برادری کو ایس آئی ایف سی کے ساتھ مل کر کام کرنے کی دعوت دی۔