اسرائیل کے میزائل حملے،حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ سمیت 3 رہنما شہید

28 Sep, 2024 | 02:28 PM

 (ویب ڈیسک) اسرائیل نے لبنان پر طاقتور میزائلوں سے 10 بڑے فضائی حملے کئے جس کے نتیجے میں  حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ اوران کی بیٹی سمیت تین رہنماؤں کو  شہید کرنے کا دعویٰ کیاگیاہے تاہم حزب اللہ کے رہنماؤں نے اسرائیلی دعوؤں کی تردید کی ہے۔

 حسن نصر اللّٰہ کو نشانہ بنانے کے لیے اسرائیلی طیاروں نے بیروت میں ایک ساتھ 15 میزائل داغے  جس سے 6 عمارتیں تباہ، 8 افراد شہید اور 91 زخمی ہوگئے تھے،اسرائیلی میڈیا کے مطابق حسن نصر اللّٰہ بمباری کاشکارہونے والی عمارت کی زیرِ زمین 14 ویں منزل میں قیام پذیر تھے۔

  غیر ملکی میڈیا کے مطابق  حملوں میں 6 عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں،اسرائیلی چینل  کی رپورٹ کے مطابق بیروت میں حزب اللہ کے ہیڈکوارٹر پر کئے گئے اسرائیلی حملے میں حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ کی بیٹی  زینب نصراللہ کی شہادت کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے تاہم حزب اللہ یا لبنانی حکام کی جانب سے تاحال اس  کی تصدیق نہیں کی گئی۔

 اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حزب اللہ کا سینٹرل کمانڈ عمارت کے نیچے قائم تھا، بمباری کا اصل ہدف حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ تھے، امریکا نے اسرائیلی حملوں سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔

 غیر ملکی میڈیا کے مطابق لبنان کے دارالحکومت بیروت میں رہائشی عمارتوں پر اسرائیل کے حملے جاری ہیں۔

مزیدخبریں