(وقاص احمد)شہریوں کےجان و مال کےتحفظ کے پیش نظر ماڈل روڈز پرلوڈر رکشوں کاداخلہ بند کرنے کے لئے کریک ڈاؤن تیز کرنے کا حکم دیدیا گیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق شہریوں کے لئے سفر محفوظ بنانے کے لئے مال روڈ، جیل روڈ، کینال روڈ ،مین بلیوارڈ گلبرگ میں لوڈر رکشہ کا داخلہ بند کردیا گیا،اب آہنی راڈ،سریا، بانس و دیگرسامان باڈی سے باہر لوڈ کرنے پر چالان نہیں بلکہ پرچہ ہوگا۔
سی ٹی او عمارہ اطہر کے مطابق سریا،ٹی آئرن سے لوڈڈ رکشوں چلتی پھرتی موت ہیں، انسانی جانوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، اب چالان نہیں، پرچہ ہی کٹے گا،ڈرائیور کےساتھ ساتھ رکشہ مالک کو بھی ایف آئی آر میں نامزد کیا جائے ،کوئی بھی رکشہ مالک، ڈرائیور مقررہ حد اور لوڈ سے تجاوز نہ کرے،اوورلوڈنگ کرنے والے ڈرائیورز کے لائسنس بھی کینسل کرنے کا حکم دے دیا گیا۔
لوڈر گاڑیوں کو ہیڈ و بیک لائٹس ، ریفلیکٹرز لگانے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔علامہ اقبال روڈ، جی ٹی روڈ، فیروزپور روڈ، ملتان روڈ، شاہدرہ پر ناکہ جات قائم ہیں،مہلک حادثات کےپیش نظر ایسی وہیکلز کیخلاف سخت کریک ڈاؤن کرنا ہوگا۔شہر کےداخلی و خارجی راستوں پر افسران کی نگرانی میں 8 سینئر وارڈنز ،24 وارڈنزبھی تعینات ہیں۔
رواں ماہ 13 ہزار سے زائد لوڈر رکشوں کو چالان ٹکٹس جاری کر کے317 مقدمات درج کیے گئے۔