(مانیٹرنگ ڈیسک) شوہر کے ہاتھوں قتل ہونے والی سینئر صحافی ایاز امیر کی بہو سارہ کی نمازہ جنازہ ادا کردی گئی۔
مقتولہ سیدہ سارہ کی نماز جنازہ اسلام آباد میں شہزاد ٹاؤن میں ادا کی گئی، نماز جنازہ میں اہل خانہ اور عزیز و اقارب نے شرکت کی، قبل ازیں متقولہ کی میت کو آج بروز بدھ 28 ستمبر کو پولیس نے اہل خانہ کے حوالے کیا۔ اس موقع پر سارہ کے بھائی اور کزن نے پولی کلینک سے میت کو وصول کی۔
خیال رہے کہ جمعہ کے روز اسلام آباد کے علاقے چک شہزاد میں سینیئر صحافی ایاز امیر کے بیٹے شاہنواز نے اہلیہ سارہ کو قتل کر دیا تھا، شاہنواز کی کینیڈین نیشنل سارہ سے تین ماہ قبل ہی شادی ہوئی تھی، مقتولہ سارہ بی بی چند روز قبل ہی متحدہ عرب امارات سے پاکستان پہنچی تھیں، پاکستان پہنچ کر سارہ نے گاڑی بھی خریدی تھی، مقتولہ سارہ دبئی میں ملازمت کرتی تھی۔
پوسٹمارٹم رپورٹ کے مطابق مقتولہ سارہ انعام کے ماتھے اور چہرے پر زخم کے نشان پائے گئے جبکہ ان کے ہاتھوں اور بازؤں پر بھی زخم کے نشانات تھے۔
ملزم شاہنواز جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ہے جبکہ پولیس کی استدعا پر ملزم کی ماں اور باپ ایاز امیر کو بھی شامل تفتیش کیا گیا تھا۔