(علی رامے) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کفایت شعار پالیسی کو نظرانداز کردیا، وزیراعلٰی پنجاب پولیس پر مہربان، پنجاب پولیس کے افسران کیلئے نئی 749 گاڑیاں خریدنے کی اجازت دیدی۔
پنجاب پولیس نے حکومت سےفیلڈ افسران کیلئےنئی گاڑیوں کی خریداری کیلئے8ارب روپے سے زائد فنڈ جاری کرنیکامطالبہ کیا تھا، تاہم محکمہ خزانہ پنجاب نے پولیس کو گاڑیوں کی تعداد کم کرنے کی ہدایت کی، جس کے بعد معاملہ سٹینڈنگ کیبنیٹ کمیٹی کے سامنے رکھا گیا، اور وزیراعلی نےنئی گاڑیاں خریدنے کی اجازت دیدی، پنجاب پولیس کے لیے 5ارب 79 کروڑ روپے سے نئی گاڑیاں خریدی جائیں گی۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق آر پی اوز اور ڈی پی اوز کے لیے 44 فارچونر، ایس ڈی پی اوز کے لیے 600 ہائی لکس ڈالے خریدے جائینگے،ٹریفک پولیس آفیسرز کے لیے بھی گاڑیاں خریدی جائیں گی۔ محکمہ خزانہ پنجاب کے حکام کے مطابق پولیس کے پاس 39 کروڑ روپے کا بجٹ پہلے سے ہی موجود ہے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب میں کفایت شعاری مہم کے تحت گاڑیوں کی خریداری پر پابندی کے باوجود حکومت افسران کیلئےگاڑیاں خرید رہی ہے،اس سے قبل سٹینڈنگ کیبنیٹ کمیٹی ڈپٹی کمشنزز اور اے ڈی سیز کیلئے ایک ارب روپےخرچ کرکے93 نئی گاڑیاں خریدنے کی اجازت بھی دے چکی ہے۔