برطانیہ میں پٹرول کا بحران، فوج طلب

28 Sep, 2021 | 03:37 PM

ویب ڈیسک: برطانیہ میں ایندھن کے بحران سے نمٹنے کے لیے حکومت نے فوج سے فوری طورپر ڈرائیورز مانگ لئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق فوج کے ٹرک ڈرائیورز کی ایک محدود تعداد کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ برطانیہ بھر میں لوگوں کی طرف سے کسی ناگہانی صورتحال سے بچنے کے لیے ضرورت سے زیادہ پٹرول کی خریداری کے سبب زیادہ تر پٹرول اسٹیشنوں پر فیول مزید دستیاب نہیں ہے۔ اس افراتفری کی وجہ ٹرک ڈرائیوروں کی عدم دستیابی ہے جس کے سبب پٹرولیم کمپنیوں سے پٹرول پمپوں کو تیل کی سپلائی متاثر ہوئی ہے۔ بریگزٹ کے بعد بہت سے یورپی ڈرائیور اپنے ملکوں کو واپس لوٹ گئے ہیں۔

دوسری جانب ٹرک ڈرائیوروں کی کمی کے باعث سپلائی چین متاثر ہو چکی ہے اور ڈر ہے کہ اشیائے ضروریہ کا یہ بحران کرسمس کو بھی متاثر کرسکتا ہے اور اس حوالے سے برطانیہ کو  کم ازکم  ایک لاکھ ٹرک ڈرائیوروں کی کمی کا سامناہے۔ وزیراعظم بورس جانسن نے امیگریشن قوانین میں نرمی کے لئے کہا ہے جس کے بعد فوری طور پر یورپ سے پانچ ہزار ڈرائیورمل سکتے ہیں۔ لیکن وزرا کا موقف ہے کہ برطانوی شہریوں کو تربیت دیکر روزگار دیا جائے۔

تاجروں نے حکومت کو خبردار کردیا ہے کہ ان کے پاس دس دن کے لئے اشیائے ضروریہ کا ذخیرہ موجود ہے اگر صورت حال بہتر نہ ہوئی توکرسمس پر بحران کا سامنا کرنا پڑے گا۔

مزیدخبریں