میرا موبائل کیوں توڑا، چھوٹے بھائی نے خود کو گولی مار لی

28 Sep, 2021 | 01:38 PM

ویب ڈیسک: معاشرے کی عمارت  برداشت، اخلاقیات، رواداری  اور محبت کے ستونوں پر کھڑی ہوتی ہے اور جب یہ خصوصیات سماج سے رخصت ہوجائیں تو وہ تباہی کی طرف تیزی سے گامزن ہوجاتا ہے، بدقسمتی سے دنیا بھر میں عدم برداشت دن بدن بڑھتا جارہا ہے، یہ عدم برداشت آج ہمیں اس نہج پہ لے آیا کہ چھوٹے سے چھوٹے اختلافات پر خون بہنے لگا ۔

عدم برداشت کے بڑھتے ہوئے خوفناک رحجان کی وجہ سے دنیا بھر میں تشدد قتل وغارت کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے، یوں دکھائی دیتا ہے جیسے افراد کی اکثریت کی قوت برداشت ختم ہوچکی ہے اور رواداری جیسی اعلیٰ صفت معاشرے سے عنقا ہوچکی ہے۔ ایسا ہی ایک روح فرسا واقعہ صوابی کے علاقے شیوہ میں پیش آیا جہاں بڑے بھائی نے موبائل فون توڑ دیا، چھوٹے بھائی نے فائرنگ کر کےخودکشی کرلی۔

پولیس تھانہ پرمولی کے مطابق عطاء اللہ کا فون اس کے بھائی نے توڑا  تو  17 سالہ نوجوان عطاء اللہ نے خود کو گولی مارلی اور شدید زخمی ہوگیا۔ بعد ازاں کالو خان ہسپتال منتقل کرتے ہوئے نوجوان چل بسا۔

دوسری جانب ماہرین نفسیات کا کہنا ہے کہ عدم برداشت کسی بھی جرم کی سب سے بنیادی وجہ ہے، اگر صرف برداشت کی صلاحیت کو مضبوط کر لیا جائے تو کسی بھی معاشرے سے 90فیصد جرائم کا خاتمہ ہو سکتا ہے۔ یہ بات حقیقت کے بالکل قریب ہے کیونکہ ہر جرم کی داستان کے پیچھے عدم برداشت کا عنصر نمایاں نظر آتا ہے۔  

مزیدخبریں