(قیصر کھوکھر) صاف ستھرا لاہور واپس چاہیے، چیف سیکرٹری کا افسران کو حکم، صفائی کے مسائل مستقل بنیادوں پر حل کرنے کیلئے موثر لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کر دی۔
چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس ہوا، اجلاس میں لاہور میں صفائی کے انتظامات، ایل ڈبلیو ایم سی کے امور کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری نے افسران کو ہدایت کی کہ کوڑا کرکٹ اٹھانے کے کام کو مزید تیز کیا جائے، صفائی کے بارے میں شہریوں کی شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنایا جائے، شہریوں کو صاف ستھرے ماحول کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے، سالڈویسٹ مینجمنٹ کمپنیاں اور متعلقہ ادارے شہر صاف ستھرا رکھنے میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں۔
انہوں نے لکھو ڈیرو کی لینڈ فل سائٹ پر کوڑا کرکٹ سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے پر کام کی رفتار تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں سیکرٹری بلدیات، سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی، ایڈیشنل کمشنر لاہور اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔