سٹی42: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ سے بوکھلائے عمران خان اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی گرفتاری پر شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ سے بوکھلائے عمران خان اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔ اپوزیشن سے وابستہ سیاست دانوں کو نوٹس بھیجنا اور گرفتار کرنا عمران خان کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مطالبہ کیا ہے کہ وفاقی حکومت فی الفور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو رہا کرے، عمران خان نیب کو سیاسی انتقام کے لئے استعمال کرنا بند کریں، مفرور ڈکٹیٹر جس پر سنگین الزامات ہیں، اسے نہ کوئی نوٹس بھیجا جاتا ہے اور نہ گرفتار کیا جاتا ہے، عمران خان کی ہمشیرہ اور معاونین خصوصی پر سنگین الزمات ہیں مگر انہیں نیب طلب نہیں کرتا۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ نیب کی جانب سے اپوزیشن کے سیاست دانوں کو نشانہ بنانے سے عوامی مزاحمت کا راستہ نہیں رک سکتا، حکومت نے جو کرنا ہے کرلے، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا سفر نہیں رکے گا۔
یاد رہے کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی ضمانت خارج کر دی گئی ہے اور احاطہ عدالت سے حراست میں لے لیا گیا ہے۔