سعید احمد سعید: وزیر ریلوے شیخ رشید کا15 اکتوبر سے وی وی آئی پی ٹرین جناح ایکسپریس میں اکانومی کلاس سروس شروع کرنے کا اعلان، تمام بڑے ریلوے سٹیشنوں پر یورپین طرزکی فوڈ سٹریٹ بنانے کا بھی دعوی کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق ریلوے ہیڈکوارٹر میں وفاقی وزیر شیخ رشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی خواہشات کی بدولت اکتوبر سے جناح ایکسپریس میں اکانومی کلاس سروس شروع کی جائے گی جبکہ تمام بڑے ریلوے اسٹیشنز پر فوڈ سٹریٹ بنانے جا رہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ اب خسارے کو کم کرنا ٹاسک ہے۔
آئی ایم ایف کی جانب سے ایم ایل ون پر پابندی کی باتیں ان کے خلاف پروپیگنڈا ہے، ایم ایل ون کے علاوہ ریلوے کے پاس کوئی دوسرا پلان نہیں کیونکہ سی پیک کا اصل منصوبہ ایم ایل ون ہے جبکہ باقی سب خانہ پوری ہے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان نے یواین اجلاس میں عالم اسلام کی ترجمانی کی ہے، یہ بات طے ہے کہ او آئی سی کانفرنس پاکستان میں ہونے جا رہی ہے، وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے جس جوش و ولولے سے کشمیر کا کیس لڑا ہے وہ تاریخ میں یاد رکھا جائے گا۔
ساری اپوزیشن کشمیر کے مسئلے پرعمران خان کے ساتھ کھڑی ہوگی۔