(سعدیہ خان) لاہور میں طوفانی بارش نے جل تھل ایک کر دیا، تیز ہواؤں کیساتھ بادل خوب برسے جس سے موسم خوشگوار ہو گیا، محکمہ موسمیات نے موسلادھار بارشوں کا سلسلہ 4اکتوبر تک جاری رہنے کی پیشگوئی کردی۔
شہر میں ہونیوالی تیز بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا،ہوائیں چلنے سے موسم مزید خوشگوار ہوگیا اور گرمی کے ستائے شہریوں کے چہرے کھل اُٹھے، طوفانی بارش سے گلیاں ندیاں اور سڑکیں تالاب بن گئیں،کینال روڈ، فیروز پورروڈ، جیل روڈ،شاہراہ قائد اعظم سمیت دیگر اہم شاہراہوں پر پانی کھڑا ہونے سےٹریفک سست روی کا شکار ہوگئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 2 روز تک پنجاب سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں گرج چمک کیساتھ اور کہیں موسلا دھار بارش کا امکان ہے، آج رات تک لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بوندا باندی کا سلسلہ جاری رہے گا، اس دوران بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔
موسم کا حال بتانے والے کہتے ہیں کہ اکتوبر کے پہلے ہفتے اور وسط میں بارشوں سے سردی میں اضافہ ہوگا، سب سے زیادہ بارش ناخدا چوک میں 84 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ سمن آباد 52 ملی میٹر اورسب سےکم بارش ایئر پورٹ کے ملحقہ علاقوں میں ہوئی۔
دوسری جانب پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے موسلا دھار بارشوں کے پیش نظر موسمی ایڈوائزری جاری کردی، موسمی ایڈوائزری الرٹ کے مطابق بارشوں کے نئے سلسلےسے دریائے راوی اور دریائے چناب میں نچلے درجےکے سیلاب کا خدشہ ہے۔