نبیل ملک: پی آئی اے ملازمین کی یونین انصاف فرنٹ کا انوکھا اقدام، جرائم پیشہ افراد کی فہرست میں شامل فضائی میزبان اہم عہدے پر فائز کر دیا۔
پی ٹی آئی کو سپورٹ کرنے والے پی آئی اے ملازمین کی یونین انصاف فرنٹ کا انوکھا کارنامہ، جرائم پیشہ افراد کی فہرست میں شامل فضائی میزبان محمد ممتاز کو لاہورایئرپورٹ پراہم عہدہ پر فائز کر دیا۔ اب محمد ممتازلاہور بیس کے تمام فضائی میزبانوں کی تنظیم انصاف فرنٹ کے نائب صدر برائے شعبہ فلائیٹ سروسز کے فرائض سرانجام دیں گے جس کی تفصیلات کی کاپی سٹی فورٹی ٹو نے حاصل کر لی ہے۔
فضائی میزبانوں کی تنظیم کے نمائندوں کے مطابق کرپٹ ترین شخص کو انصاف فرنٹ کےمرکزی صدر ثبورشاہ نے لاہوربیس پرنائب صدرتعینات کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ تعیناتی پرساتھی ملازمین نے چیئرمین پی آئی اے سے ملاقات کرکے معاملہ سامنے لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک جانب تو تحریک انصاف میرٹ کی بات کرتی ہے دوسری جانب اس کی حمایت کرنے والے ملازمین کی یونین انصاف فرنٹ کے مرکزی صدرنے اقربا پروری کا ثبوت دیا اورقوانین کی دہجیاں اڑا دیں۔ محمد ممتاز کی تعیناتی کا نوٹیفیکیشن میرٹ سے ہٹ کر جاری کیا گیا ہے جس کی کاپی سٹی فورٹی ٹو اور ٹوئنٹی فور نیوز نے حاصل کر لی ہے۔