رمیز راجہ کی شان مسعود کے ساتھ نامناسب گفتگو، پی سی بی نے بڑا فیصلہ کرلیا

28 Oct, 2024 | 11:26 AM

ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) نے قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کے ساتھ سابق چیئرمین پی سی بی اور کمینٹیٹر رمیز راجہ کی نامناسب گفتگو کا نوٹس لیتے ہوئے انہیں آئندہ کمینٹری پینل میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

 پاکستان نے اپنے اسپنرز کی بہترین بالنگ کی بدولت انگلینڈ کو تیسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ میں 9 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-2 سے جیت لی,پاکستان تقریباً ساڑھے 3 سال بعد اپنی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز جیتنے میں کامیاب ہوا، پاکستان نے آخری ہوم ٹیسٹ سیریز جنوری 2021 میں جنوبی افریقا کے خلاف جیتی تھی۔

میچ کے بعد ہونے والی گفتگو میں رمیز راجہ نے شان مسعود کی بطور کپتان 6 ناکامیوں پر طنز کیا، ایک موقع پر انہوں نے نعمان علی کے بارے میں بھی تضحیک آمیز رویہ اپناتے ہوئے کہا کہ 'لگتا ہےکہ نعمان میں خون کی کمی ہے'۔

سوشل میڈیا پر رمیز راجہ کو اس اندازِ گفتگو پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے، صارفین کا کہنا ہےکہ اس طرح سرعام قومی ٹیم کے کپتان کی بے عزتی کرنا کسی طرح مناسب نہیں ہے۔

پی سی بی نے براڈکاسٹرز کو خط لکھ کر رمیز راجہ کے رویے سے آگاہ کیا ہے اور اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

دوسری جانب بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے رمیز راجہ کو آئندہ کسی بھی میچ میں پاکستان کی جانب سے کمینٹری پینل میں شامل نہ کیے جانے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔

مزیدخبریں