بھارت کے ارب پتی تاجر مکیش امبانی کو قتل کی دھمکی

28 Oct, 2023 | 10:53 AM

Imran Fayyaz

 (ویب ڈیسک)بھارت کے ارب پتی تاجر مکیش امبانی کو 20 کروڑ روپے نہ دینے کی صورت میں قتل کرنے کی دھمکی  دی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ مکیشن امبانی کو ای میل پر موصول دھمکی میں کہا گیا ہے کہ 20 کروڑ روپے ادا کرو ورنہ ہمارے پاس بھارت کے بہترین شوٹرز ہیں۔

مکیشن امبانی کے سکیورٹی انچارج کی درخواست پر ممبئی پولیس نے نامعلوم شخص کے خلاف مقدمہ درج کر کے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

خیال رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ جب بھارت کی معروف کاروباری شخصیت مکیشن امبانی کو قتل کی دھمکی ملی ہو۔

گزشتہ برس بھی پولیس نے ریاست بہار سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کو مکیش امبانی اور ان کی فیملی کو قتل کی دھمکی دینے پر گرفتار کیا تھا، متعلقہ شخص نے مکیش امبانی کی پوری فیملی کو ان کے ریلائنس فاؤنڈیشن اسپتال میں دھماکے سے اڑانے کی دھمکی دی تھی۔

خیال رہے کہ مکیش امبانی اس وقت ایشیا کے امیر ترین اور دنیا کے 13 ویں امیر ترین شخص ہیں اور اگست 2023 کے اعدادو شمار کے مطابق ان کے اثاثوں کی مالیت 87 اعشاریہ ایک بلین ڈالر ہے۔

مزیدخبریں