ملک اشرف: لاہور ہائیکورٹ نے غیر قانونی شراب لائسنس کیس میں گرفتار سابق ڈی جی ایکسائز اکرم اشرف گوندل کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سردار احمد نعیم کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے اکرم اشرف گوندل کی بعد از گرفتاری درخواست پر سماعت کی جس میں نیب کو فریق بنایا گیا تھا۔ سابق ڈی جی اکرم اشرف گوندل کی جانب سے وکیل نے مؤقف اختیار کیا گیا کہ قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے شراب لائسنس جاری کیا ملزم تمام ریکارڈ نیب کو فراہم کر چکا ہے۔
جسمانی ریمانڈ کے دوران کیس کی معلومات بارے نیب سے مکمل تعاون کی۔ نیب تفتیش مکمل کرچکی ہے اور اب ملزم۔ کو جیل میں رکھنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔ وکیل صفائی نے دلائل دیتے ہوئے استدعا کی کہ عدالت درخواست ضمانت منظور کر کہ رہائی کا حکم دے۔ نیب کے وکیل فیصل بخاری نے دوران سماعت درخواست ضمانت کی مخالفت کی اور کہا کہ ملزم نے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے شراب کا لائسنس جاری کیا۔
نیب وکیل نے دلائل دیتے ہوئےملزم کی درخواست ضمانت خارج کرنے کی استدعا کی ۔ لاہور ہائیکورٹ نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ملزم کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کر لی۔ عدالت نے ملزم اکرم اشرف گوندل کو پانچ پانچ لاکھ کے 2 ضمانتی مچلکوں کے عوض رہا کرنے کا حکم دیا واضح رہے کہ نیب شراب لائسنس کیس میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو بھی طلب کر چکا ہے۔