سٹی42: لاہور کی احتساب عدالت نے زیر التواء 5 ریفرنسز کا فیصلہ سنا دیا، پنجاب رورل سپورٹ پروگرام میں کرپشن ثابت ہونے پر مرکزی ملزم نزیر احمد کو سزا سنا دی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت نے زیر التواء 5 ریفرنسز کا فیصلہ سنا دیا ہے، پنجاب رورل سپورٹ پروگرام میں کرپشن ثابت ہونے پر مرکزی ملزم نزیر احمد کو سزا سنا دی ہے۔ احتساب عدالت نمبر 1 کے جج اسد علی نے فیصلہ سنایا، عدالت نے پانچوں ریفرنسز میں 5 پانچ سال سزا اور 8 کروڑ روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے، عدالت نے مجرم کی تمام منقولہ وغیر منقولہ جائیداد ضبط کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ مجرم نے بطور سیکرٹری فنانس کے عہدے کا غلط استعمال کیا، مجرم کے اختیارات سے تجاوز اور خرد برد کے باعث قومی خزانے کو 8 کروڑ کا نقصان پہنچایا، مجرم نے محکمے کا ریکارڈ غائب کردیا، مجرم نے 5 سال تک جعلی چیک بناکر کیش کرواتا رہا۔
نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ مجرم کے خلاف 12 گواہان کو عدالت میں پیش کیا گیا، ملزمان کیخلاف نیب لاہور نے ستمبر 2012 میں انکوائری کا آغاز کیا، 30 اپریل 2014 کو ڈی جی نیب نے انویسٹی گیشن کی منظوری دی گئی،27 مئی 2014 کو ملزمان کے خلاف ریفرنس احتساب عدالت فائل کیا گیا۔