رہائشی علاقوں کو کمرشل استعمال کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ

28 Oct, 2020 | 09:59 AM

Sughra Afzal

لوئر مال (قیصر کھوکھر) زمینوں کو صنعتی، کمرشل، زرعی اور رہائشی مقاصد کیلئے تقسیم کرنے کا فیصلہ، محکمہ بلدیات نے زمین کے استعمال کے حوالے سے سمری منظوری کیلئے کابینہ کمیٹی کو بھجوا دی۔

محکمہ بلدیات کی جانب سے بھجوائی جانیوالی سمری کابینہ کمیٹی کوموصول ہوگئی، سمری کے تحت زمین کو صنعتی، رہائشی، کمرشل اور زرعی حصوں میں تقسیم کیا جائے گا، رہائشی علاقوں میں صنعتیں نہیں لگ سکیں گی اور نہ ہی رہائشی علاقوں کو کمرشل بنیادوں پر استعمال کیا جاسکے گا، اس مقصد کیلئے ایریا کیٹگری بنائی جائیگی ۔صرف اسی مقصدکیلئے ہی زمین استعمال ہوسکے گی۔

 بیوٹی پارلرز اجازت لے کر رہائشی علاقوں میں کھولے جا سکیں گے لیکن صنعتوں کو رہائشی علاقوں میں کام کرنے کی اجازت نہیں ہو گی، رہائشی علاقوں کو کمرشل اور صنعتی علاقوں سے الگ کر دیا جائے گا، صنعتوں کیلئے الگ علاقے مختص ہوں گے اور کمرشل ایریازبھی الگ سے بنائے جائیں گے، محکمہ بلدیات نے ا س حوالے سے قوانین تیار کرکے منظوری کیلئے کابینہ کمیٹی کوارسال کر دیئے۔

  محکمہ بلدیات نے کہا ہے کہ لینڈ یوز قوانین کے حوالے سے سختی سے عمل کیا جائے گا اور کابینہ کی منظوری کے بعد جس مقصد کیلئے زمین مختص ہوگی اسی مقصد کیلئے ہی استعمال کیا جا سکے گی۔

دوسری جانب محکمہ بلدیات نے تجویز دی ہے کہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری کی بجائے نئے بلدیاتی مسائل حل کرنے کیلئے وزیرقانون کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی جائے جو ٹرانزیشن کے عمل کی نگرانی کرے اور ڈسٹرکٹ اوریونین کونسل کے خاتمے کے بعد پیدا شدہ مسائل کوحل کرے۔

 کمیٹی پرانے بلدیاتی اداروں کے ملازمین ،اثاثوں، مالی اور انتظامی مسائل کو حل کرے گی، کمیٹی بلدیاتی اداروں کے مسائل کے حوالے سے اپنی سفارشات وزیراعلیٰ کو پیش کرے گی، ملازمین کی تقسیم اور ملازمین کس کھاتے سے تنخواہ لیں اور سابق یونین کونسل اور ضلع کونسل ملازمین کو کہاں کہاں ایڈجسٹ کیا جائے گا، یہ فیصلے وزیر قانون کی سربراہی میں قائم کمیٹی کرے گی۔

مزیدخبریں