( رضوان نقوی، عرفان ملک ) اندرون موچی گیٹ میں حسینیہ ہال سے برآمد ہونے والا نواسہ رسول حضرت امام حسن علیہ السلام کے یوم شہادت کا مرکزی جلوس اپنے روایتی راستوں پر گامزن، شبیہ تابوت کی زیارت کیلئے عزاداروں کا جمِ غفیر، ماتمداری اور زنجیرزنی کا سلسلہ جاری ہے۔
نواسہ رسول حضرت امام حسن علیہ السلام کے یوم شہادت پر مرکزی جلوس اندرون موچی گیٹ امام بارگاہ حسینیہ ہال سے برآمد ہوا۔ علامہ حسن ظفرنقوی نے ذکر، فضائل و مصائب کے بعد حضرت امام حسن علیہ السلام کا تابوت برآمد کروایا۔ شبیہ تابوت کی زیارت اپنے روایتی راستوں پر رواں دواں ہے۔ جلوس میں شریک عزادارحضرت امام حسن علیہ السلام کے یوم شہادت کے سلسلہ میں نوحہ خوانی، ماتمداری اور زنجیر زنی کرتے رہے۔
زیارت حسیینہ ہال سے محلہ شیعاں، گجرگلی، لال کھوہ، اکبری منڈی، خرادی محلہ پہنچی۔ زیارت خرادی محلہ سے کوتوالی چوک، چوہٹہ مفتی باقر، نثار حویلی اور باب حسن سے ہوتی ہوئی واپس حسینیہ ہال پہنچ کر رات گئے اختتام پزیر ہوگی۔
حسینیہ ہال اکبری گیٹ سے برآمد ہونے والے جلوس کی فول پروف سکیورٹی کے لیے ایک ایس پی،17 ڈی ایس پیز،26 انسپکٹرزاور180 اَپر سب آرڈینیٹس سمیت 2 ہزار سے زائد اہلکار تعینات رہے جبکہ ڈولفن، پی آر یو اور ایلیٹ فورس کی ٹیمیں بھی پٹرولنگ پر تعینات رہیں۔
ڈی آئی جی اشفاق خان کا کہنا تھا کہ جلوس کے روٹ میں آنے والی بلند عمارتوں پر سنائپرز تعینات کئے گئے ہیں۔ جلوس حسینیہ ہال سے برآمد ہوا جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ غلام علی مغل حویلی پر اختتام پذیر ہوگا۔