مستحق افراد میں صحت انصاف کارڈ کی تقسیم

28 Oct, 2019 | 07:09 PM

Arslan Sheikh

( بسام سلطان ) وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے گورنمنٹ ٹی بی بلال گنج ہسپتال میں مستحق افراد میں صحت انصاف کارڈ تقسیم کردیئے۔

اس موقع پرسپیشل سیکرٹری محکمہ سپیشلائز ڈہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خالد نذیر وٹو، سی ای اوہیلتھ لاہور ڈاکٹر شعیب الرحمن گرمانی، طارق ثناء باجوہ، زبیرنیازی، پروفیسر جاوید چوہدری اور صحت انصاف کارڈ لینے والے سینکڑوں کی تعداد میں مستحق افراد نے شرکت کی۔ وزیرصحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا اہل علاقہ کی جانب سے پھولوں کی پتیاں پھینک کر زبردست استقبال کیا گیا۔ وزیرصحت نے صحت انصاف کارڈ کاؤنٹر کا بھی دورہ کیا اور لوگوں سے بات چیت کی۔

وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا تقریب کے شرکاء سے خطاب میں کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق غربت کی لکیر سے نیچے گرجانے والے طبقہ کو صحت انصاف کارڈ تقسیم کئے جارہے ہیں۔ اس ہسپتال میں بیس ہزار سے زائد مستحق افراد میں صحت انصاف کارڈ تقسیم کئے جارہے ہیں۔ صحت انصاف کارڈ کے اہل افراد کو ٹیلیفون کے ذریعے بھی اطلاع دی جاتی ہے۔ صحت انصاف کارڈ کے حامل افراد اپنے سارے خاندان کا سات لاکھ بیس ہزار روپے تک کا مفت علاج معالجہ کی سہولت حاصل کرسکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مریض صحت انصاف کارڈ کے ذریعے سرکاری ہسپتالوں کے علاوہ پورے پاکستان میں تین سو سے زائد نجی ہسپتالوں سے بھی علاج کرواسکتے ہیں۔ تمام اضلاع میں صحت انصاف کارڈ کی فراہمی کے بعد رجسٹرڈ معذور افراد میں تقسیم کئے جائیں گے۔ سوشل سکیورٹی کے رجسٹرڈ ریٹائرڈ ملازمین میں بھی صحت انصاف کارڈ تقسیم کئے جائیں گے۔

مزیدخبریں