(شاہد سپرا) لیسکو سمیت دیگر تقسیم کار کمپنیوں کے کنٹریکٹ افسر ان و ملازمین کی آخری اُمید بھی دم توڑ گئی۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مراسلے کے مطابق کمپنیوں کے افسر و ملازمین کو ریگولر کرنے سے انکار کر دیا گیا۔
سٹی 42 کے مطابق پیپکو نے تقسیم کار کمپنیوں کے ملازمین کو مستقل نہ کرنےکا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ جس کے مطابق لیسکو کے 4700 کنٹریکٹ ملازمین مستقل نہیں ہوسکیں گے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے سول سرونٹس کو مستقل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ جس پر وزارت پاور ڈویژن نے وزارت قانون سے ملازمین کی مستقلی پر رائے مانگی تھی۔
وزارت قانون کی رائے کی روشنی میں پیپکو کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے ملازمین سول سرونٹس نہیں ہوتے۔ اس لئے انہیں مستقل نہیں کیا جا سکتا۔ ان کمپنیوں میں 2015 میں20 ہزار سے زائد ملازمین کو بھرتی کیا گیا تھا۔