سٹی 42 : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر محمد روح العالم صدیقی کی ملاقات ہوئی، جس میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔
ملاقات میں پاکستان اور بنگلہ دیش میں کرکٹ کے کھیل کے فروغ پر بھی بات چیت ہوئی۔ بنگلہ دیشی ہائی کمشنر نے چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے انعقاد کے حوالے سے پاکستان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر ڈاکٹر محمد یونس کے مابین باکو میں ملاقات انتہائی خوشگوار رہی، وزیراعظم پاکستان کی خصوصی ہدایت پر بنگلہ دیش کا جلد دورہ کروں گا، دورہ کا مقصد بنگلہ دیش کی حکومت اور عوام کے ساتھ خیر سگالی اور دو طرفہ تعلقات کو مضوط تر بنانا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دیرینہ برادارنہ تعلقات ہیں، پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کا خواہاں ہے۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ چیمپینز ٹرافی کے بھر پور انعقاد کیلئے تمام تیاریاں مکمل کی جا رہی ہیں۔
بنگلہ دیشی ہائی کمشنر نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ اور آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کو سراہا ، کہا کہ بنگلہ دیش میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کو بے پناہ پذیرائی اور سپورٹ حاصل ہے۔ انہوں نے کہاکہ بنگلہ دیش پاکستان کے ساتھ برادرنہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ، دونوں ملکوں کے مابین عوامی سطح پر بہترین روابط ہیں، پاکستان تعیناتی میرے کیریئر کا بہترین دور ہے، بہت محبت ملی، سفارتی برادری میں پاکستان بہترین ڈیوٹی سٹیشن مانا جاتا ہے۔
سپیشل سیکرٹری و ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ، کمانڈنٹ فرنٹیئر کانسٹیبلری، چیف کمشنر، آئی جی اسلام آباد پولیس اور ڈی سی اسلام آباد بھی اس موقع پر موجود تھے ۔